پاکستان اور چین کے درمیان اعلی سطح پارلیمانی رابطے ،سفارتی تعلقات کی مضبوطی کیلئے سیاسی اور پارلیمانی فورمز کے موثر استعمال کا فیصلہ

سی پیک کی نگرانی کے لیے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانوں کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق…پاکستان ون چائنا پالیسی کی مکمل حمایت کرتا ہے، اسد قیصر

بدھ 27 جنوری 2021 17:19

پاکستان اور چین کے درمیان اعلی سطح پارلیمانی رابطے ،سفارتی تعلقات کی مضبوطی کیلئے سیاسی اور پارلیمانی فورمز کے موثر استعمال کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) پاکستان اور چین کے درمیان اعلی سطح پارلیمانی رابطے ،سفارتی تعلقات کی مضبوطی کیلئے سیاسی اور پارلیمانی فورمز کے موثر استعمال کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ بدھ کو چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین لی زانشو اور اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کے مابین ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں ورچوئل اجلاس میں سی پیک سمیت دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے، سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔سی پیک کی نگرانی کے لیے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانوں کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان ون چائنا پالیسی کی مکمل حمایت کرتا ہے، دونوں میں 70 سالوں پر محیطِ دوستی دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر چین کے بھرپور تعاون پر مشکور ہے۔دونوں ممالک نے پارلیمانوں کی قائمہ کمیٹیوں اور فرینڈ شپ گروپ کے مابین ویڈیو لنک کے ذریعے ورچوئل اجلاسوں کے انعقاد پر اتفاق کیا ۔ اسد قیصر نے کہاکہ راشکئی اکنامک زون سے علاقے کی تقدیر کو بدلنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ چیئر مین این سی پی چائنا نے کہاکہ چین پاکستان کے ساتھ سدا بہار دوستی کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے، چین کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کے ساتھ دوستی کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطے دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے دوستی کے رشتے کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ این پی سی چیئر مین نے کہاکہ راشکئی اکنامک زون کے قیام کے سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی آف پاکستان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، چین پاکستان کی سلامتی اور عالمی سطح پر مفادات کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں