’یونیورسٹیاں آن لائن یا آن کیمپس امتحانات لے سکتی ہیں‘ ایچ ای سی نے پالیسی جاری کردی

آن لائن امتحانات کے لیے جامعات اوپن بک امتحانات کا انتظام کریں ، جب کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے تحت آن کیمپس امتحانات لیے جاسکتے ہیں ، چیئرمین ایچ ای سی کی زیر صدارت یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے اجلاس میں فیصلہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 27 جنوری 2021 18:55

’یونیورسٹیاں آن لائن یا آن کیمپس امتحانات لے سکتی ہیں‘ ایچ ای سی نے پالیسی جاری کردی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 جنوری2021ء) ہائر ایجو کیشن کمیشن نے ملک میں یونیورسٹیوں کے امتحانات کے حوالے سے پالیسی جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی کی زیر صدارت یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کا اجلاس ہوا ، جس میں تمام صوبوں کے وائس چانسلرز کے ساتھ مشاورت میں طلبا کے اندیشیوں کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ باہمی مشاورت کے بعد ایچ ای سی نے یونیورسٹیوں کو اپنی صلاحیت کے مطابق منصفانہ امتحانات لینے کی ہدایت کی ، اس ضمن میں جامعات کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ یونیورسٹیاں آن لائن یا آن کیمپس امتحانات لے سکتی ہیں ، یونیورسٹیوں کو تکنیکی اور انتظامی تیاری کے مطابق امتحانات لینے چاہیں ، آن لائن امتحانات کیلئے جامعات اوپن بک امتحانات کا انتظام کریں ، جب کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے تحت ان کیمپس امتحانات لیے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں بتاتے چلیں کہ آن لائن امتحانات کے حق میں ملک کے مختلف شہروں میں طلبا نے احتجاج کیا ، جس کی وجہ سے آن لائن امتحانات کے لیے پُر تشدد احتجاج کرنے والے نجی یونیورسٹی کے طلبا کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ، جس میں 94 نامزد جبکہ پانچ سو افراد کو نامعلوم رکھا گیا ، مقدمے میں یونیورسٹی انتظامیہ نے مؤقف اپنایا کہ طلبا کو دھرنا دینے سےمنع کیا گیا جس پر وہ حملہ آور ہوئے، اس دوران ملزمان نے یونیورسٹی میں جلاو گھیراؤ کے ساتھ توڑ پھوڑ کی، ملزمان نے سیکیورٹی گارڈز کو زخمی کیا اور املاک کو بھی نقصان پہنچایا ، جب کہ رہنما احتجاجی طالب علم محمدزبیر صدیقی نے الزام عائد کیا کہ یونیورسٹی والے صرف پیسےبنانے کے لیے فزیکل امتحان کروانا چاہتے ہیں، ہم نے یونیورسٹی سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن کسی نے ہماری بات نہ سنی۔

واضح رہے گذشتہ روز لاہور میں مشتعل طلبا نے یونیورسٹی کے دروازے کو آگ لگائی تھی، احتجاجی طلبا پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں دو طلبا زخمی جبکہ متعدد طلبا کو گرفتار کرلیا گیا تھا، طلبا کا مطالبہ تھا کہ آن لائن پڑھائی کی طرح امتحان بھی آن لائن لیے جائیں ، پولیس کی مزید نفری بھی موقع پر پہنچی اور طلبا کو منتشر کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان موقع پر پہنچے اور کہا کہ پُرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے والوں سے نمٹا جائے گا ، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی ، انہوں نے مظاہروں میں طالبعلم کی ہلاکت کو جھوٹ قرار دیا ، یادرہے کہ گذشتہ روز طلبا کے احتجاج کے باعث یونیورسٹی سے خیابان جناح روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں