وزیراعظم نے دورہ سری لنکا میں بھی کفایت شعاری کی نئی مثال قائم کر دی

عمران خان نے غیر ضروری اور اضافی اخراجات فہرست سے خود ختم کرائے،حالیہ دورے پر 34 ہزار 800 ڈالرز خرچ ہوئے جب کہ نواز شریف نے 2016ء میں دورہ سری لنکا پر 2 لاکھ 76 ہزار ڈالرز خرچ کیے تھے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 25 فروری 2021 13:51

وزیراعظم نے دورہ سری لنکا میں بھی کفایت شعاری کی نئی مثال قائم کر دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری2021ء) وزیراعظم عمران خان نے دورہ سری لنکا میں بھی کفایت شعاری کی نئی مثال قائم کر دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ سری لنکا مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔عمران خان کی دورت کے لیے سرکاری خزانے پر بوجھ نہ ڈالنے کی روایت برقرار رہی اور غیر ضروری اخراجات نہ کر کے خزانے کے لاکھوں روپے بچائے گئے۔

وزیراعظم عمران خان کے سری لنکا کے دو روزہ دورے پر 34ہزار 800 ڈالرز خرچ ہوئے جب کہ نواز شریف نے 2016ء میں دورہ سری لنکا پر 2 لاکھ 76 ہزار ڈالرز خرچ کیے تھے۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کو دورے سے قبل متعدد بار اخراجات پر برینفنگ دی گئی اور انہوں نے غیر ضروری اور اضافی اخراجات فہرست سے خود ختم کرائے جب کہ دورے میں جانے والے کاروباری حضرات بھی اپنے خرچے پر سری لنکا روانہ ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے موقع پر پاک سری لنکا 21 نکاتی مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیا کہ دونوں ممالک نے مسلسل ملاقاتوں، وفود کی سطح پر مشاورتی اجلاس منعقد کرنے اور جامع انداز میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے کی دعوت پر سری لنکا کا دو روز کا سرکاری دورہ کیا،وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزراء اور اعلی سرکاری حکام پر مشتمل وفد بھی تھا ،دونوں وزراء اعظم کی اپنے اپنے ملک میں حکومت کی تشکیل کے بعد یہ پہلی ملاقات تھی جو دونوں ممالک کے عوام میں گہرے اور بااعتماد تعلقات کا مظہر ہے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا سری لنکا میں وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے ارکان نے پرتپاک خیرمقدم کیا،وزیراعظم عمران خان نے دورہ کے دوران سری لنکا کے صدر گوتابایا پکسے اور وزیر اعظم مہندا راجہ پکسے سے ملاقاتیں کیں اور وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی،دونوں ممالک نے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا،وزیراعظم عمران خان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور خیرسگالی پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملی ۔

اعلامیہ کے مطابق مشترکہ اقتصادی کمیشن اور تجارت کے سیکریٹریوں کی سطح پر منعقدہ حالیہ اجلاسوں میں تعین کردہ شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر خاص طور پر غور کیاگیا ،دونوں ممالک کا مسلسل ملاقاتوں، وفود کی سطح پر مشاورتی اجلاس منعقد کرنے اور جامع انداز میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ۔وزیراعظم عمران خان نے پرامن ہمسائیگی کے وژن کے تحت سری لنکا کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے پاکستان کی طرف سے حمایت کا اعادہ کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں