این اے 75 ڈسکہ: الیکشن کمیشن نے حلقے میں دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا

الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن کالعدم قرار دے دیا گیا ، 18 مارچ کو دوبارہ الیکشن ہوگا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 فروری 2021 15:32

این اے 75 ڈسکہ: الیکشن کمیشن نے حلقے میں دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری2021ء) الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن سے متعلق فیصلہ سنادیا ، چیف الیکشن کمشنر نے اپنے فیصلے میں کہا کہ این اے 75 ڈسکہ میں ہونے والا ضمنی الیکشن صاف اور شفاف نہیں تھا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں انتخابات سے متعلق مسلم لیگ ن کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 75 ڈسکہ پر دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا جس کے بعد حلقے میں 18 مارچ کو دوراہ انتخاب ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر نے اپنے فیصلے میں کہا کہ این اے 75 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ماحول خراب کیا گیا ، پولنگ اسٹیشنز پر فائرنگ اور قتل و غارت ہوئی ، جس کی وجہ سے حلقے میں صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہوا ، اس لیے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات 18 مارچ کو ہوں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں الیکشن کمیشن میں حلقہ این اے 75 ڈسکہ سے متعلق سماعت ہوئی ، تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی کے وکیل علی ظفر نے مؤقف اپنایا کہ فائرنگ ہر الیکشن میں ہوتی ہے اس لیے شکایت نہیں کی ، ہرعلاقہ کے ووٹرز کی مرضی ہے ووٹ ڈالیں یا نہ ڈالیں ، حلقے میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگی ہوئی اور نہ ہی خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا ، وزیر اعظم عمران خان نے بطور لیڈر کہا 20 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ انتخابات پر اعتراض نہیں جب کہ بطور امیدوار علی اسجد ملہی کو دوبارہ پولنگ پر اعتراض ہے ، اس لیے این اے 75 کا انتخابی نتیجہ جاری کیا جائے۔

 اس موقع پر مسلم لیگ ن کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے متنازع 20 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کا فرانزک آڈٹ کرانے کی استدعا کی ، انہوں نے اپنے موقف میں کہا کہ پورے حلقہ میں فائرنگ ہوئی ، فائرنگ کرنے والا جو بھی ہو ، اس عمل سے ووٹرز حراساں ہوئے ، انتخابی عمل کے ساتھ شرمناک فراڈ ہوا ، پریذائڈنگ افسران کے موبائل اور پولیس کے وائرلیس ایک ساتھ بند ہوگئے ، الیکشن کمیشن جمہوریت کا محافظ ہے ، پہلی بار ایسا الیکشن کمیشن آیا ہے جو سچ بول رہا ہے ، الیکشن کمیشن پورے انتخابی عمل کا جائزہ لینے کیلئے بااختیار ہے۔

 اس دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات میں بھی فارم 45 کا مسئلہ سامنے آیا تاہم ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کو فارم 45 نہ ملنے کی شکایت نہیں آئی ، ان ریمارکس کے ساتھ ہی چیف الیکشن کمشنر نے حلقہ این اے 75 ڈسکہ سے متعلق سماعت پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ اب سنا دیا گیا اور الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں انتخابات سے متعلق مسلم لیگ ن کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 75 ڈسکہ پر دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا اور حلقے میں 18 مارچ کو دوبارہ الیکشن ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں