این اے 75 ڈسکہ ; الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا، قانونی ٹیم فیصلہ دیکھ کر مشاورت کرے گی

ہم نے جو وعدہ کیا اُسے پورا کیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا الیکشن کمیشن کے فیصلے پر رد عمل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 فروری 2021 15:54

این اے 75 ڈسکہ ; الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا، قانونی ٹیم فیصلہ دیکھ کر مشاورت کرے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 فروری 2021ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخاب کا حکم دے دیا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق این اے 75 ڈسکہ میں انتخابی ماحول خراب کیا گیا، لہٰذا 18 مارچ کو حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے دوبارہ پولنگ ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا۔

ابھی شارٹ آرڈر آیا ہے ۔ ہماری قانونی ٹیم فیصلہ دیکھ کر جائزہ لے گی۔ تفصیلی فیصلہ دیکھ کر ہی لیگل ٹیم فیصلہ کرے گی کہ اگلا قدم کیا اُٹھانا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ ہم یہی چاہتے تھے کہ ادارے آزاد ہوں۔ ہم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ادارے آزاد ہوں گے اور آج کے فیصلے پر ہمیں فخر ہے۔

(جاری ہے)

شبلی فراز نے کہا کہ ہم عدالتی فیصلوں کو مانتے ہیں اور سر تسلیم ختم کرتے ہیں۔

ہم نے اداروں کا با اختیار بنایا۔ پچھلی حکومتوں نے اداروں کو با اختیار نہیں ہونے دیا۔ مسلم لیگ ن نے بدمعاشی کی سیاست کو فروغ دیا۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فیصلے ان کے حق میں آئیں تو خوشیاں مناتے ہیں اور جب کوئی فیصلہ ان کے خلاف آتا ہے تو فیصلہ ہی نہیں مانتے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اداروں کی آزادی لازم ہے۔

مسلم لیگ ن نے من پسند فیصلوں کے لیے اداروں کو تباہ کیا اور جمہوریت کو کمزور کیا۔ جاوید لطیف، احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ ڈسکہ میں کیا کر رہے تھے معلوم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں شفاف الیکشن کا کیس چل رہا ہے۔ عمران خان ملک میں شفاف الیکشن کروانا چاہتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ 73سال کی تاریخ میں الیکشن کمیشن کا انوکھا فیصلہ ہے۔

مسلم لیگ ن کا مطالبہ 20 پولنگ اسٹیشن کا تھا، فیصلہ ہمارے خلاف آیا ، لیگی ٹیم سے مشاورت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوشہرہ ، وزیر آباد میں الیکشن شفاف تھا۔ ایک سازش کے تحت ڈسکہ کا الیکشن خراب کیا گیا۔ خیال رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن سے متعلق فیصلہ سنایا۔ الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں انتخابات سے متعلق مسلم لیگ ن کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 75 ڈسکہ پر دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا جس کے بعد حلقے میں 18 مارچ کو دوبارہ الیکشن ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر نے فیصلے میں کہا کہ این اے 75 ضمنی انتخابات میں ماحول خراب کیا گیا ،پولنگ اسٹیشنز پر فائرنگ اور قتل و غارت ہوئی ، جس کی وجہ سے حلقے میں صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہوا ، اس لیے این اے 75ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات 18مارچ کو ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں