سینیٹ الیکشن کیلئے حکومت اور مسلم لیگ ن کے رابطوں کا انکشاف

پنجاب کے سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ ن نے حکومت سے مثبت بات چیت کی ، وفاقی وزیر فواد چوہدری کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 فروری 2021 18:54

سینیٹ الیکشن کیلئے حکومت اور مسلم لیگ ن کے رابطوں کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 فروری2021ء) سینیٹ الیکشن کیلئے حکومت اور مسلم لیگ ن کے رابطوں کا انکشاف ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے حکومت اور ن لیگ کا رابطہ ہوا ، جس میں صوبہ پنجاب کے سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ ن نے حکومت سے مثبت بات چیت کی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ بات چیت کا ایجنڈا صرف سیاسی مفادات تک محدود رہتا ہے ، اس کے علاوہ ملاقات کا ایجنڈا فلاں کو باہر جانیں دیں، مقدمات میں ریلیف دیں تک رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں اصلاحات پر بات ہو نا کہ ذاتی مفادات پر گفتگو کی جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کہتے ہیں کہ پنجاب سے سینیٹ اُمیدواروں کے بلا مقابلہ انتخاب میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے اہم کردار ادا کیا ، چودھری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ ن کی قیادت کے لیے ایک لیگی رہنما کی ہی مدد لی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے عطا تارڑ کے ذریعے مسلم لیگ ن کی قیادت سے رابطہ کیا جس کے بعد ن لیگی قیادت نے اپنے زائد امیدواروں کے کاغذات واپس لیے ، یہی نہیں انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی فون پر رابطہ کیا، پرویز الٰہی کے رابطے کے بعد پیپلز پارٹی نے بھی پنجاب سے اپنا اُمیدوار واپس لے لیا ، جس کے بعد پنجاب میں بلامقابلہ انتخابات کا عمل ممکن ہوسکا جب کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی کاوشوں سے پنجاب میں عددی تعداد کے مطابق امیدوار کامیاب ہوئے۔

یاد رہے کہ پنجاب میں سینیٹ انتخابات میں تمام 11 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں، کامیاب امیدواروں میں 6 پاکستان تحریک انصاف اور 5 مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدوار شامل ہیں۔ تحریک انصاف کی جنرل نشستوں پر سیف اللہ نیازی، اعجاز احمد چودھری اور عون عباس کامیاب ہوئے، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بیرسٹر علی ظفر اور خواتین کی نشست پر ڈاکٹر زرقا تیمور سینیٹر بن گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی 3 جنرل نشستوں پر عرفان صدیقی، افنان اللہ خان، پروفیسر ساجد میر اور ٹیکنو کریٹ کی نشست پر اعظم نذیر تارڑ کامیاب ہوئے، خواتین کی نشست پر سعدیہ عباسی بلامقابلہ منتخب ہوگئیں، بلامقابلہ کامیاب ہونے والے امیدواروں کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن 3 مارچ کو جاری کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں