سینیٹ الیکشن کے لیے مدد ، سابق وزریراعظم یوسف رضا گیلانی نے اراکین اسمبلی کو خط لکھ دیا

3 مارچ کے سینیٹ انتخاب کے لیے ووٹ دیں۔ میں نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ یوسف رضا گیلانی کے خط کا متن

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 1 مارچ 2021 13:43

سینیٹ الیکشن کے لیے مدد ، سابق وزریراعظم یوسف رضا گیلانی نے اراکین اسمبلی کو خط لکھ دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم مارچ 2021ء) : سینیٹ انتخابات میں مدد حاصل کرنے کے لیے سابق وزیراعظم اور سینیٹ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اُمیدوار یوسف رضا گیلانی نے اراکین اسمبلی کو خط لکھ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے یہ خط اراکین قومی اسمبلی کو سینیٹ انتخابات میں حمایت کے لیے لکھا۔ اس خط میں یوسف رضا گیلانی نے اراکین قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ وہ 3 مارچ کے سینیٹ انتخاب کے لیے ووٹ دیں۔

میں نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں 1985ء سے پارلیمان کا حصہ ہوں اور میرے 4 دہائیوں کا سیاسی سفر سب کے سامنے ہے۔ میں نے بطور وزیر اعظم حزب اختلاف کے لیے دروازے کُھلے رکھے۔ سینیٹ انتخابات کے لیے یکجہتی کی ضرورت ہے اور ہمیں پارلیمان کے تقدس کے لیے اکٹھے ہونا ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی و نظریاتی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے اراکین قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط میں مزید کہا کہ الیکشن اپنی انا کی تسکین یا حکومت کے خلاف نہیں لڑ رہا اور مجھے اُمید ہے کہ 3 مارچ کو میرے کرداراور سیاسی زندگی کو مدنظر رکھ کر ارکان اسمبلی فیصلہ کریں گے۔ خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن میں کامیابی کے لیے سیاسی جماعتوں نے کوششیں مزید تیز کر دی ہیں ، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈیرے جما لیے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی سینیٹ اُمیدواروں کی کامیابی کے لیے انتخابی مہم پر تمام تر توجہ مرکوز کر لی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان آئندہ دو روز تک کسی سرکاری اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوں گے ۔ وزیراعظم عمران خان کی اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے جس میں ان کے گلے شکوے دور کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں