پی ٹی آئی، اتحادی جماعتوں کے بعض ارکان نے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے، بلاول کا دعویٰ

سیاسی جماعتوں سے رابطے ہمارا حق ہے ، ہم آخری وقت تک تمام جماعتوں سے رابطے رکھیں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی

منگل 2 مارچ 2021 18:32

پی ٹی آئی، اتحادی جماعتوں کے بعض ارکان نے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے، بلاول کا دعویٰ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کے بعض ارکان نے سینیٹ انتخابات میں حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ایک انٹرویومیں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق ایم کیو ایم سے ہمارے رابطے ہیں، ایم کیو ایم کے علاوہ دیگر جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں اور ان کے بعض ارکان نے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے رابطے ہمارا حق ہے اور ہم آخری وقت تک تمام جماعتوں سے رابطے رکھیں گے۔واضح رہے کہ تین روز قبل پیپلز پارٹی کا وفد ایم کیوایم پاکستان کے بہادر آباد مرکز پہنچا تھا اور ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی والی نشست پر مدد کے بدلے ایم کیو کے لیے 2 نشستوں پر اپنے امیدوار دستبردار کرانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

تاہم گزشتہ روز پی ٹی آئی کے اتحادیوں نے ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں انہوں نے اپنے اتحاد کا مظاہرہ کیا اور 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے اہم انتخابات میں کامیابی کے عزم کا اظہار کیا۔سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ سپریم کورٹ کا یہی فیصلہ آنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں ہماری 54 سیٹیں ہیں انہیں کو لے کر آگے بڑھیں گے جبکہ پٴْرامید ہیں کہ یوسف رضا گیلانی جیت جائیں گے۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میرا خیبر پختونخوا کا دورہ بھی کامیاب رہا ہے، ہم جب خیبر پختونخوا گئے تھے تو صورتحال مختلف تھی اور جب واپس آئے ہیں تو صورتحال مختلف ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں