یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ایم این ایز سے ووٹ کی خرید و فروخت اور ووٹ ضائع کرنے کی ترغیب دینے کی مبینہ ویڈیو سامنے آ گئی

منگل 2 مارچ 2021 23:15

یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی  ایم این ایز سے ووٹ کی خرید و فروخت اور ووٹ ضائع کرنے کی ترغیب دینے کی  مبینہ ویڈیو سامنے آ گئی
اسلام آباد۔2مارچ  (ردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 مارچ ۔2021ء) :سینٹ انتخابات سے ایک روز قبل مبینہ طور پر ایم این ایز سے ووٹ کی خرید و فروخت اور ووٹ ضائع کرنے کی ترغیب دینے کی سابق وزیراعظم اور سینٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو سامنے آ گئی جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے اس کی مکمل تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل کی جانب سے یہ ویڈیو سامنے لائی گئی جس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کے اراکین سے ووٹ کی سودے بازی کی بات کر رہے ہیں جبکہ وہ انہیں بتا رہے ہیں کہ اگر انہیں کوئی نشان زدہ بیلٹ دیا جاتا ہے تو کس طرح انہوں نے ووٹ کو ضائع کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو نا اہل قرار دینے کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی گئی جبکہ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین، پی ٹی آئی کے اراکین فرخ حبیب اور کنول شوزب نے کہا کہ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے خدشات درست ثابت ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ نے صاف، شفاف انتخابات کرانے کے احکامات دیئے، پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن پر لگی ہوئی ہیں، اس لئے الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے اور یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دے۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے پاس انتخابات میں حصہ لینے کا اخلاقی جواز باقی نہیں رہا۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے علی حیدر گیلانی سے متعلق ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے، اسکی میرٹ پر تحقیقات ہوں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں