سینیٹ الیکشن 2021ء میں بڑا اپ سیٹ، یوسف رضا گیلانی جنرل نشست پر جیت گئے

پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکمران جماعت کے امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے، غیرحتمی غیرسرکاری نتائج

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 3 مارچ 2021 18:32

سینیٹ الیکشن 2021ء میں بڑا اپ سیٹ، یوسف رضا گیلانی جنرل نشست پر جیت گئے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2021ء) سینیٹ الیکشن میں قومی اسمبلی کی جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی نے حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے، یوسف رضا گیلانی 5 ووٹوں کی اکثریت سے سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں، یوسف رضا گیلانی کو 169 اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کو 164 ملے، الیکشن میں7 ووٹ مسترد ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی 2 نشستوں سمیت تین صوبوں سندھ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کی 37 نشستوں پر سینیٹ کا الیکشن ہوا، اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، انتخابی نتائج کے تحت سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی نے حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے، یوسف رضا گیلانی سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹ الیکشن میں 340 ووٹوں میں یوسف رضا گیلانی کو 169 جبکہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے۔ جبکہ 7 ووٹ مسترد ہوئے ہیں۔ خواتین کی نشستوں پرتحریک انصاف کی فوزیہ ارشد نے 174ووٹ لے کرمدمقابل ن لیگ کی امیدوار فرزانہ کو شکست دے دی ہے، فرزانہ نے 161ووٹ لیے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اللّہ تعالیٰ کا شکر جس نے پی ڈی ایم کو فتح دی۔

جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا۔ اپنے ہی لوگوں نے دباؤ کے باوجود آٹا چور، چینی چور، بجلی چور، ووٹ چور عوام کے مجرم عمران خان کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔ تمھارے پاس اب وزیر اعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ ووٹ چور کرسی چھوڑ۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی صاحب کو دلی مبارکباد۔ پی ڈی ایم کو بھی مبارکباد۔ مسلم لیگ ن کے ممبران قومی اسمبلی کو بھی مبارکباد اور شاباش۔

نواز شریف کے فیصلے اور بیانیے کا مان رکھا اور جھکنے اور بکنے  سے انکار کر دیا۔ شاباش مسلم لیگ ن ! مستقبل آپ کا ہے۔ انشاءاللّہ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کی ووٹ چوری کا بدلہ ڈسکہ کے عوام نے لے لیا اور چیرمین سینٹ کا الیکشن چھینے جانے کا بدلہ آج عوامی نمائندوں نے لے لیا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ عوام اور انکے نمائندوں نے ڈرنے سے انکار کر دیا۔ جعل سازی اب نہیں چل سکتی۔ اسی طرح چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے ٹویٹ میں یوسف رضا گیلانی کی جیت پر جئے بھٹو کا نعرہ بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جئے بھٹو!جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں