یوسف رضا گیلانی نے5 ووٹوں سے حفیظ شیخ کو شکست دی

یوسف رضا گیلانی کو169 اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کو164 ملے، الیکشن میں 6 ووٹ مسترد ہوئے، سینیٹ الیکشن کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 3 مارچ 2021 18:45

یوسف رضا گیلانی نے5 ووٹوں سے حفیظ شیخ کو شکست دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2021ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے5 ووٹوں سے حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے، یوسف رضا گیلانی کو 169 اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کو164 ملے، الیکشن میں 7 ووٹ مسترد ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آج سینیٹ کی37 نشستوں پر الیکشن ہوا جس کے لیے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا، پولنگ کا عمل 5 بجے تک جاری رہا۔

سینیٹ انتخابات کے لیے قومی اور تین صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ قومی اسمبلی کے 341 اراکین میں سے 340 نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جب کہ جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدلااکبر چترالی نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔این اے 75 ڈسکہ سے کوئی ممبر قومی اسمبلی میں نہیں ہے کیونکہ یہاں پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ انتخابات کااعلان کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹرحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا،انتخابی نتائج کے تحت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے5 ووٹوں سے حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے، یوسف رضا گیلانی کو 169 اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کو164 ملے، جبکہ 7 ووٹ مسترد ہوگئے ہیں۔

خواتین کی نشستوں پرتحریک انصاف کی فوزیہ ارشد نے 174ووٹ لے کرمدمقابل ن لیگ کی امیدوار فرزانہ کو شکست دے دی ہے، فرزانہ نے 161ووٹ لیے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اللّہ تعالیٰ کا شکر جس نے پی ڈی ایم کو فتح دی۔ جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا۔ اپنے ہی لوگوں نے دباؤ کے باوجود آٹا چور، چینی چور، بجلی چور، ووٹ چور عوام کے مجرم عمران خان کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔

تمھارے پاس اب وزیر اعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ ووٹ چور کرسی چھوڑ۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی صاحب کو دلی مبارکباد۔ پی ڈی ایم کو بھی مبارکباد۔ مسلم لیگ ن کے ممبران قومی اسمبلی کو بھی مبارکباد اور شاباش۔ نواز شریف کے فیصلے اور بیانیے کا مان رکھا اور جھکنے اور بکنے  سے انکار کر دیا۔ شاباش مسلم لیگ ن ! مستقبل آپ کا ہے۔

انشاءاللّہ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کی ووٹ چوری کا بدلہ ڈسکہ کے عوام نے لے لیا اور چیرمین سینٹ کا الیکشن چھینے جانے کا بدلہ آج عوامی نمائندوں نے لے لیا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ عوام اور انکے نمائندوں نے ڈرنے سے انکار کر دیا۔ جعل سازی اب نہیں چل سکتی۔ اسی طرح چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے ٹویٹ میں یوسف رضا گیلانی کی جیت پر جئے بھٹو کا نعرہ بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جئے بھٹو!جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں