وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان آج شام ساڑھے 7 بجے قوم سے خطاب کریں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 4 مارچ 2021 14:21

وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 مارچ2021ء) وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن میں بڑے اپ سیٹ کا سامنا کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قوم کے سامنے آنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے اہم خطاب کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب شام ساڑھے 7 بجے نشر کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان قوم کو حالیہ سیاسی صورتحال پر اپنے موقف سے آگاہ کریں گے۔خیال رہے کہ اسلام آباد سے سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے ہاتھوں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کی شکست کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ، جس کے حوالے سے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے کے روز طلب کیا جائے گا جس میں وزیر اعظم عمران خان اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد اپوزیشن نے بھی حکمت عملی کی تیاری شروع کر دی ہے ، معتبر ذرائع نے بتایا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد زرداری ہاؤس اسلام آباد میں گذشتہ روز ایک مختصر اجلاس ہوا ، جب کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات بھی گذشتہ رات ہوئی ، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں تجویز سامنے آئی کہ اگر وزیراعظم عمران خان کے لیے اعتماد کاووٹ لینے کے لیے قومی اسمبلی اجلاس بلایا جاتا ہے تو پی ڈی ایم اس کا حصہ نہ بنے ،باوثوق ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امکان ہے کہ بعض پی ٹی آئی ارکان بھی قومی اسمبلی کے اس اجلاس میں حصہ نہیں لیں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا ، وزیراعظم عمران خان نے اپنی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں شرکا سے کہا کہ جس کو ان پر اعتماد نہیں سامنے آکر اظہار کرے ، عمران خان نے کہا کہ اگر عوامی نمائندوں کو مجھ پر اعتماد نہیں تو کھل کر سامنے آئیں ، میرے لیے وزیراعظم کا عہدہ اہم نہیں نظام، کی تبدیلی میرا مشن ہے ، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس کے شروع میں ہی اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے سے شرکا کو آگاہ کیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں