یورپی ممالک کے کاروباری حضرات کو ای ویزہ سہولت مہیا کرنے ،ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، شاہ محمود قریشی

پاکستان -ای یو مشترکہ اقتصادی کمیشن، ہمارے دو طرفہ مضبوط اقتصادی روابط کا مظہر ہے ،ہماری ان کاوشوں کے باعث "کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی درجہ بندی 39 درجے تک بڑھی ہے،وزیر خارجہ کی یورپی ممالک کے سفرا کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

جمعرات 4 مارچ 2021 14:36

یورپی ممالک کے کاروباری حضرات کو ای ویزہ سہولت مہیا کرنے ،ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یورپی ممالک کے کاروباری حضرات کو ای ویزہ سہولت مہیا کرنے کے ساتھ انکو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان -ای یو مشترکہ اقتصادی کمیشن، ہمارے دو طرفہ مضبوط اقتصادی روابط کا مظہر ہے ،ہماری ان کاوشوں کے باعث "کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی درجہ بندی 39 درجے تک بڑھی ہے، دو طرفہ تجارت کے راستے میں حائل مسائل کے جلد حل کے لیے ایک مشترکہ متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارتِ خارجہ میں پاکستان میں تعینات یورپی ممالک کے سفرا کے ساتھ ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے سفرا کو وزارت خارجہ میں تشریف آوری پر خوش آمدید کہا ۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہاکہ یہ معاشی سفارت کاری کے حوالے سے ہماری دوسری ملاقات ہے ،میں اس سے قبل یورپی ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا کے ساتھ اس حوالے سے دو ورچوئل میٹنگز کر چکا ہوں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی ممالک ہمارے سب سے بڑے تجارتی اتحادی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ،کرونا وبا کی وجہ سے معاشی مشکلات کے باوجود یورپی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری دو طرفہ تجارت کو فروغ ملا ہے ،پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد یورپی ممالک میں مقیم ہے جو ہمارے دو طرفہ اقتصادی روابط کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ میں نے اپنی ورچوئل میٹنگز میں یورپی ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا کو ہدایت کی کہ وہ یورپی ممالک میں دو طرفہ تجارت کے میسر مواقعوں کے حوالے سے آگاہ کریں تاکہ یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ای اے ڈی کے ذریعے 2021 کا پلان ترتیب دے رہے ہیں تاکہ یورپی ممالک کے ساتھ مشترکہ اقتصادی کمیشنز کو مزید فعال اور بامقصد بنایا جا سکے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم یورپی ممالک کے کاروباری حضرات کو ای ویزہ سہولت مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ، ان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان -ای یو مشترکہ اقتصادی کمیشن، ہمارے دو طرفہ مضبوط اقتصادی روابط کا مظہر ہے ،ہماری ان کاوشوں کے باعث "کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی درجہ بندی 39 درجے تک بڑھی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اقتصادی تعاون کا فروغ، دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ،ہم نے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئی" روشن دیجیٹل اکاونٹ"کا اجرا کیا ،اس اقدام کے نتیجے میں، پاکستانی تارکینِ وطن نے پہلے چند ماہ میں 50 ملین ڈالر زر-مبادلہ بھجوایا ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ ہمیں دو طرفہ تجارت کے راستے میں حائل مسائل کے جلد حل کے لیے ایک مشترکہ متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے لیے تمام ممالک اہمیت کے حامل ہیں،دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے ادارہ جاتی تعاون کا فروغ انتہائی اہم ہے ۔انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے کے بعد یورپی ممالک کے ساتھ ہماری تجارت کے حجم میں دو گنا اضافہ ہوا ہے ۔پاکستان میں تعینات یورپی ممالک کے سفرا نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاک -ای یو، دو طرفہ معاشی تعاون کے فروغ کے لئے اپنی معاونت کا یقین دلایا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں