اسلام آباد ہائیکورٹ،150فالکن کی ایکسپورٹ روکنے کیلئے دائر درخواست پر وزارت خارجہ سے جواب طلب

جمعرات 4 مارچ 2021 14:41

اسلام آباد ہائیکورٹ،150فالکن کی ایکسپورٹ روکنے کیلئے دائر درخواست پر وزارت خارجہ سے جواب طلب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 150فالکن کی ایکسپورٹ روکنے کیلئے دائر درخواست پر وزارت خارجہ سے جواب طلب کرلیا۔جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں 150فالکن کی ایکسپورٹ روکنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت خارجہ کو نیا جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزارت خارجہ نے جو جواب جمع کروایا ہے اسے ریکارڈ پر نہیں رکھیں گے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ یہ آپ نے کیا لکھاہے، وزارت خارجہ اب یہ لکھے گی۔دفتر خارجہ کے وکیل نے استدعا کی کہ اس حوالے سے میں ایک بات کرنا چاہتا ہوں ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر فیصلہ دے دیں ، یہ بات ریکارڈ پر نہ لائیں اس حوالے سے نئی رپورٹ جمع کروائیں ۔

(جاری ہے)

پٹشنر گیارہ سالہ بچہ احمد حسن عدالت کے سامنے پیش کیا گیا ۔چیف جسٹس نے کہا کہ احمد حسن جیسے بچوں کا مستقبل اس سے جڑا ہوا ہے۔گیارہ سالہ بچے کا وزیراعظم کو لکھا گیا خط عدالت میں پیش کیا گیا ۔عدالت نے سیکرٹری خارجہ کو بچے کا خط وزیر اعظم تک پہنچانے کا حکم دیدیا جبکہ خط کی کاپی وزارت خارجہ کے افسر کے حوالے کر دی گئی۔عدالت نے وزارت خارجہ سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت سات اپریل تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں