سپریم کورٹ نے حق مہر کے مکان کی واپسی بارے عدالتی فیصلے پرنظرثانی کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا

جمعرات 4 مارچ 2021 14:43

سپریم کورٹ نے حق مہر کے مکان  کی واپسی بارے عدالتی فیصلے پرنظرثانی کی  درخواست پر نوٹس جاری کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2021ء) سپریم کورٹ نے حق مہر میں دیا گیا مکان واپس کرنے سے متعلق  عدالتی فیصلے پر دائر  نظرثانی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریق مخالف کو نوٹس جاری کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق  درخواست گزار زینت  کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عدالت نے مجھے سنے بغیر یکطرفہ فیصلہ جاری کیا، مکان مجھے سابقہ شوہر مشتاق نے حق مہر میں دیا تھا، میں نے سابقہ شوہر سے خلع نہیں لی بلکہ اس نے مجھے طلاق دی، حق مہر خلع کی صورت میں واپس لیا جا سکتا ہے طلاق کی صورت میں نہیں، طلاق کے بعد مذکورہ بالا مکان میرا حق ملکیت ہے واپس دلایا جائے، مکان پر شوہر کے قبضے کے بعد سے  ٹینٹ میں رہنے پر  مجبور ہوں ۔

عدالت عظمی  نے  زینت نامی خاتون کی جانب سے دائر  نظرثانی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریق مخالف کو نوٹس کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے درخواست گزار زینت بی بی نے کہا کہ میرا سابقہ شوہر  مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے، میرا سابقہ  شوہر ان لوگوں میں شامل ہے   جنہوں نے کوہستان میں لڑکیوں کو قتل کیا،میرے سابقہ شوہر کے خلاف ماتحت عدالتوں میں مقدمات بھی چل رہے ہیں، میری جان کو خطرہ ہے  تحفظ فراہم کیا جائے  ۔

واضح رہے کہ عدالت نے مانسہرہ سے تعلق رکھنے والی خاتون  زینت  کو   حق مہر میں دیے گئے مکان کا  قبضہ سابقہ شوہر کو واپس دینے کا حکم دیا تھا۔ زینت نامی  خاتون نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر  نظرثانی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں