اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد 6 ماہ تک عدم اعتماد کیلئے ووٹ نہیں ہوسکتا : شیخ رشید

وزیر اعظم عمران خان ہفتے کو اعتماد کا ووٹ لیں گے جس کے بعد ساری دھول بیٹھ جائے گی ، وفاقی وزیر داخلہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 مارچ 2021 14:52

اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد 6 ماہ تک عدم اعتماد کیلئے ووٹ نہیں ہوسکتا : شیخ رشید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 مارچ2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد 6 ماہ تک عدم اعتماد کے لیے ووٹ نہیں ہوسکتا ، وزیر اعظم اعتماد کا ووٹ لیں گے ، ساری دھول بیٹھ جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ سارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں ، جوعمران خان کا حامی ہوگا وہ حق میں ووٹ ڈالے گا ، قومی اسمبلی میں جو مخالف ہوگا وہ مخالفت میں ووٹ دے گا تو سامنے آجائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ پارٹی اجلاس میں 3 اہم فیصلے ہوئے ہیں ، سینیٹ چیئرمین کا امیدوار صادق سنجرانی کو نامزد کیا گیا ہے ، کل پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس بلایا گیا ہے جب کہ ہفتے کو وزیر اعظم پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز سینیٹ انتخابات میں حکومت کے لیے بڑا اپ سیٹ ہونے اور اس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے وزارت عظمیٰ سے استعفے کے معاملے پر اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا ، قومی اسمبلی کا خصوصی سیشن ہفتے کی شام 4 بجے طلب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے اراکین قومی اسمبلی کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں ، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو اسلام آباد سے باہر جاے سے روک دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ تمام اراکین اسمبلی اسلام آباد میں ہی رہیں گے ، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جاری ہدایت کے مطابق تمام اراکین اسمبلی قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں ، وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر مبنی یہ پیغام تمام پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو پہنچا دیا گیا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے یہ ہدایات قومی اسمبلی اجلاس میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے فیصلے کے پیش نظر جاری کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں