وزیراعظم کے لیے اعتماد کا ووٹ، حکومت نے پیپلز پارٹی سے مدد مانگ لی

وزیراعظم عمران خان کا اعتماد کا ووٹ ، چئیرمین سینیٹ اور ڈپٹی چئیرمین کے چناؤ کے معاملے پر بھی حکومت نے پیپلز پارٹی سے مدد مانگی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 5 مارچ 2021 10:48

وزیراعظم کے لیے اعتماد کا ووٹ، حکومت نے پیپلز پارٹی سے مدد مانگ لی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مارچ 2021ء) وزیراعظم عمران خان کا اعتماد کا ووٹ ، چئیرمین سینیٹ اور ڈپٹی چئیرمین کے چناؤ کے معاملے پر حکومت نے پیپلز پارٹی سے مدد مانگ لی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی میں رابطہ ہوا ہے۔صادق سنجرانی نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات آج شام یوسف رضا گیلانی کی رہائشگاہ پر ہو گی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہو گا،دوسری جانب سینیٹ الیکشن کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا۔12مارچ کو دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہو گا۔

(جاری ہے)

سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کی مدت 11 مارچ کو ختم ہو جائے گی ، جس کے بعد 12 مارچ کو صبح کے اوقات میں نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے ، جب کہ 12مارچ کو ہی دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہو گا۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے چئیرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی کو اُمیدوار نامزد کر دیا ، اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو چئیرمین سینیٹ کا اُمیدوار نامزد کر دیا ہے ، صادق سنجرانی چئیرمین سینیٹ کے عہدے پر حکومتی اُمیدوار ہوں گے۔ جب کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہونے والے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو چیئر مین سینیٹ کے لیے نامزد کیے جانے کا امکان ہے ، جس کے بعد چیئرمین سینیٹ کی نشست پر صادق سنجرانی یوسف رضاگیلانی کا مقابلہ کریں گے ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے بھی صادق سنجرانی کی بطور چیئرمین سینیٹ امیدوار حمایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ سینیٹ کی کل 48 نشستوں کے الیکشن کے سلسلے میں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے ، تحریک انصاف نے 18 نئی نشستیں حاصل کر کے کل 28 نشستیں حاصل کر لیں جب کہ پیپلز پارٹی نے 8 نئی اور کل 21 ، مسلم لیگ ن نے 5 نئی اور کل 18 نشستیں حاصل کی ہیں، بی اے پی کو 6 نئی اور کل 12 نشستیں ملی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں