وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ممتاز سیاسی شخصیت منیر احمد خان کا پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ممتاز سیاسی شخصیت منیر احمد خان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری سمیت تمام مسائل سابق حکومتوں کی لوٹ مار اور کرپشن کی وجہ سے ہیں، ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ مشن ہے اس کے لیے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا

جمعہ 5 مارچ 2021 15:12

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ممتاز سیاسی شخصیت منیر احمد خان کا پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2021ء) وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ممتاز سیاسی شخصیت منیر احمد خان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری سمیت تمام مسائل سابق حکومتوں کی لوٹ مار اور کرپشن کی وجہ سے ہیں، ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ مشن ہے اس کے لیے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں منیر احمد خان نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے  منیر احمد خان کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ  ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری اور افراط زر سمیت تمام مسائل کی وجہ  سابقہ حکومتوں کی جانب سے کی گئی لوٹ مار اور کرپشن ہے۔

(جاری ہے)

میرا مشن ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ ہے اور اس کیلئے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ  نہیں کیا جائے گا۔ ملاقات  میں منیر احمد خان نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ پاکستان کی تقدیر اور مستقبل وزیر اعظم عمران خان کی مثالی قیادت کے ہاتھ میں ہونے سے محفوظ اور روشن ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ آئندہ ایک برس کے دوران ملک میں بڑی اور مثبت تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔

منیر احمد خان نے کہا کہ ہر پاکستانی اور خصوصاً نوجوان نسل اس بات پر فخر محسوس کرتی ہے کہ ملک کی باگ ڈور اس لیڈر نے سنبھالی ہوئی ہے جس کا دامن صاف اور کرپشن سے پاک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان گذشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ سے کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور مافیا سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی بے باک قیادت اور بے لوث جدوجہدسے متاثر ہو کر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اس مشن کا حصہ بن سکیں جس کے لیے عمران خان  جدو جہد کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ منیر احمد خان تحریک انصاف میں شمولیت سے قبل تحریک بحالی جمہوریت  (اے آر ڈی )  کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ہونے کے علاوہ مختلف حکومتوں میں مشیر اور دیگر مرکزی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں