این آر او کے حوالے سے وزیراعظم کے الزامات بے بنیاد،عمران خان جھوٹے الزامات واپس لیں،سینیٹر رحمان ملک

ہفتہ 6 مارچ 2021 22:55

این آر او کے حوالے سے وزیراعظم کے الزامات بے بنیاد،عمران خان جھوٹے الزامات واپس لیں،سینیٹر رحمان ملک
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2021ء) سابق وزیرِداخلہ سینیٹر رحمان ملک نے وزیراعظم کا قومی اسمبلی میں تقریر پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی تقریر سننے کے بعد فرض سمجھتا ہوں کہ اپنی قیادت کا دفاع کروں۔انہوں نے کہاکہ ضروری ہے کہ این آر او کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی غلط فہمی دور ہو،این آر او کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی پر این آر او کے جھوٹے الزامات واپس لیں۔رحمان ملک نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے نہ جنرل مشرف اور نہ کسی اور سے کبھی کوئی این آر او لیا ہے، چیلنج کرتا ہوں کوئی ثابت کرے کہ پیپلز پارٹی نے کوئی این آر او لیا ہو، کسی نے ثابت کیا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی کوئی این آر او دستخط کیا ہو سیاست چھوڑ دونگا،یہ پیپلز پارٹی کی قیادت کیخلاف صرف جھوٹا پروپیگنڈہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی وساطت سے پرویز مشرف کیساتھ میرے رابطے جمہوریت کی بحالی کے لئے تھے، مشرف چاہتے تھے محترمہ بینظیر بھٹو شہید الیکشن کے بعد پاکستان واپس آئیں، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا جواب تھا کہ میرے واپسی کا فیصلہ میں نے خود کرنا ہے نہ کہ جنرل مشرف،محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے مشرف کو جواب دیا تھا کہ میں الیکشن سے پہلے ملک واپسی کا فیصلہ لے چکی ہوں، محترمہ بینظیر بھٹو اپنے کارکنان کیساتھ کئے گئے وعدے کے مطابق آئیں کہ الیکشن میں حصہ لیا، کوئی این آر او دستخط ہوچکا ہوتا تو محترمہ بینظیر بھٹو شہید الیکشن سے پہلے پاکستان نہ آتیں۔

رحمان ملک نے کہاکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جان کی قربانی دیکر پاکستان میں جمہوریت بحال کی،آج محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مرہون منت ملک میں جمہوریت ہے جہاں عمران خان وزیراعظم ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور انکے دوست و احباب سے درخواست ہے کہ سیاست میں اخلاقی حدود پار نہ کرے۔انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری پر آج تک کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ہے، آصف علی زرداری کیخلاف الزامات اور کیسز جھوٹے ہیں کو کبھی ثابت نہ ہوسکے،آصف علی زرداری کسی بھی عدالت سے سزایافتہ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت کچھ جانتا ہوں، چاہتا ہوں کہ کیچڑ اچھالنے کی سیاست نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے اردگرد آدھے سے زیادہ وہ ہیں جو پیپلزپارٹی میں تھے۔انہوں نے کہاکہ ملک کو موجودہ بے یقینی کی صورتحال سے نکالنے کے لئے سمجھداری کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں