تحریک لبیک کے اثاثے منجمد کرنے کی تیاریاں مکمل

تحریک لبیک کے مرکزی عہدیداروں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کی تیاری، بینک اکاؤنٹ بھی استعمال نہیں کر سکیں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 15 اپریل 2021 19:56

تحریک لبیک کے اثاثے منجمد کرنے کی تیاریاں مکمل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اپریل 2021ء) تحریک لبیک کے اثاثے منجمد کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد تنظیم کے اثاثے منجمد کرنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک کے مرکزی عہدیداروں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کی تیاری کر لی گئی ہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹی ایل پی کے مرکزی عہدیداران نا ہی خرید و فروخت کر سکیں گے نہ ہی بینک اکاؤنٹ استعمال کر سکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے اثاثوں کی تفصیلات کے لئے وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں کو ہدایت دے دی ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان کو باقاعدہ کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز وفاقی وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔

اس سے قبل تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کیلئے وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری لی گئی تھی۔ کابینہ ڈویژن نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی کی منظوری دی۔ وزارت داخلہ نے گزشتہ روز مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کیلئے سمری تیار کی تھی، سمری کا مسودہ وزیراعظم عمران خان کو بھیجا گیا تھا جو انہوں نے منظور کر لیا تھا۔

پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پابندی کی سفارش کی تھی، جس کے بعد گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔بدھ کے روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں