حکومت میں آنے سے پہلے سب چیزوں کو آسان سمجھتا تھا، ڈاکٹر عارف علوی

حکومت میں آکر پتا چلا کہ ہرادارے اور ہرجگہ مافیا بیٹھا ہے، ان کو کنٹرول کرنا ہوگا، جہانگیر ترین کی پی ٹی آئی سے کوئی مخالفت نہیں، وہ بس شفاف تحقیقات چاہتے ہیں۔ صدر مملکت عارف علوی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 15 اپریل 2021 21:33

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت میں آنے سے پہلے سب چیزوں کو آسان سمجھتا تھا، حکومت میں آکر پتا چلا کہ ہرادارے اور ہرجگہ مافیا بیٹھا ہے، ان کو کنٹرول کرنا ہوگا، جہانگیر ترین کی پی ٹی آئی سے کوئی مخالفت نہیں، وہ بس شفاف تحقیقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کیخلاف سب سے زیادہ آواز اٹھانے والا صرف عمران خان ہے۔

ناموس رسالت کے معاملے پر قوم میں کوئی دورائے نہیں۔ تحریک لبیک ایک سیاسی جماعت ہے اس پر پابندی لگانے کا فیصلہ وزیراعظم اور کابینہ نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں سب نے اپنے مفادات کیلئے کھیل کھیلا، پی ڈی ایم میں سب سے زیادہ فضل الرحمٰن کوملا جن کی اسمبلی میں اتنی موجودگی نہیں تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے سے پہلے سب چیزوں کو آسان سمجھتا تھا۔

لیکن ہرادارے اور ہرچیز میں مافیا ہے جنھیں کنٹرول کرنا ہوگا۔ جب ہم حکومت میں آئے تو 2018 تک مافیا آگے جارہا تھا، ہم نے کنٹرول کرنا شروع کیا۔ جہانگیر ترین کی پی ٹی آئی سے مخالفت نہیں،شفاف تحقیقات چاہتے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ فرانس کے تمام شہری محفوظ ہیں، پاکستان میں انہیں کوئی خطرہ نہیں ہے، اسی طرح ترجمان دفتر خارجہ نے فرانسیسی سفارتخانے سے اپنے شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایات جاری کرنے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پاکستان فرانسیسی سفارتخانے سے شہریوں کو ملنے والی ہدایات سے واقف ہے۔

فرانسیسی سفارتخانے کا اپنے شہریوں کو مشورہ ان کے جائزے پر مبنی ہے۔ حکومت پاکستان امن وامان برقرار رکھنے کیلئے مئوثر اقدامات کررہی ہے۔مزید برآں وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم جماعت قرار دے دیا ہے، ٹی ایل پی کو انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997کے تحت کالعدم قرار دیا گیا، تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں