عمران خان کی میچ پر گرفت کمزور پڑتی چلی جا رہی ہے ، کھیل ہاتھ سے نکلتا دکھائی دینے لگا

اس بار کی تبدیلیاں ایسے کپتان کا گیم پلان لگتی ہیں جو باؤلنگ درست کرنے کے بجائے فیلڈرز کو سخت سست کہہ کر اور کوس کر، فرسٹریشن کی حالت میں کبھی انہیں ایک پوزیشن پر بھیجتا ہے تو کبھی دوسری پوزیشن پر بھیج رہا ہے ، سینئر تجزیہ کار عمران یعقوب خان کا کالم

Sajid Ali ساجد علی اتوار 18 اپریل 2021 17:32

عمران خان کی میچ پر گرفت کمزور پڑتی چلی جا رہی ہے ، کھیل ہاتھ سے نکلتا دکھائی دینے لگا
اسلام اباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 اپریل2021ء) وزیر اعظم عمران خان کو کھیل ہاتھ سے نکلتا دکھائی دینے لگا ، میچ پر ان کی گرفت کمزور پڑتی چلی جا رہی ہے ، کپتان کی ٹیم کو صرف معاشی چیلنجز ہی درپیش نہیں بلکہ انہیں ٹیم کی نالائقیوں کو بھی چھپانا پڑ رہا ہے ، ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی و تجزیہ کار عمران یعقوب خان نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی روزنامہ کے لیے اپنے ایک کالم میں انہوں نے لکھا کہ ٹیم میں تبدیلیاں کپتان کا حق سمجھا جاتا ہے ،وہ کپتان خواہ کرکٹ کا ہو یا سیاست کا ، اپنی ٹیم میں تبدیلیاں کرنے میں حق بجانب ہوتا ہے لیکن اس بار کی تبدیلیاں کرکٹ کے ایسے کپتان کا گیم پلان لگتی ہیں جسے کھیل ہاتھ سے نکلتا دکھائی دیتا ہے اور وہ باؤلنگ درست کرنے کے بجائے فیلڈرز کو سخت سست کہہ کر اور کوس کر، فرسٹریشن کی حالت میں کبھی انہیں ایک پوزیشن پر بھیجتا ہے تو کبھی دوسری پوزیشن پر، لیکن میچ پر گرفت کمزور پڑتی چلی جا رہی ہے ، کپتان کی ٹیم کو صرف معاشی چیلنجز ہی درپیش نہیں بلکہ انہیں ٹیم کی نالائقیوں کو بھی چھپانا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

سینئر تجزیہ کار کے مطابق کرکٹ اور سیاست دونوں ہی میدان ایسے ہیں کہ جس میں کیا گیا کوئی ایک بھی غلط فیصلہ کبھی کبھی آپ کو بہت دور لے جاتا ہے۔ کپتان اگرچہ اپنے کرکٹ دور میں بھی ’بولڈ‘ فیصلے کرنے کیلئے مشہور تھے اور پھر قسمت کی دیوی بھی ہمیشہ ان پر مہربان رہی ہے ‘ لیکن کیا کریں کہ سیاست اور کرکٹ دو مختلف میدان ہیں ، سیاست میں کپتان کو توصیف احمد جیسے ایسے ہی کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو ہر وقت صرف اپنے انفرادی کھیل کو بہتر بنانے کے چکرمیں چھکے مارنے کیلئے ہی کریز سے باہر نہ نکلتے پھریں بلکہ اپنے کپتان اور پوری ٹیم کو کامیاب بنانے کیلئے دل وجان سے ڈلیورکریں کیوں کہ وہ ڈلیور کریں گے تو ہی کپتان کو باربار فیلڈنگ اور پوزیشننگ بدلنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں