حکومت دانشمندی سے کام لے

معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے حکومت سے اپیل کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 19 اپریل 2021 11:00

حکومت دانشمندی سے کام لے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اپریل 2021ء) : معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے حکومت سے دانشمندی سے کام لینے کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ حکومت نے لاہور میں جو خونریزی کی اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ چند افراد نے پولیس پر جوحملے کیے وہ بھی یقیناً غلط تھے ، انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہوش میں آئے اور دانشمندی سے کام لے۔

یاد رہے کہ کل صبح کالعدم تحریک لبیک کےمسلح کارکنوں کا نواں کوٹ تھانے پر حملہ کیا، ڈی ایس پی سمیت دیگر اہلکاروں کو اغوا کرکے مرکز لے گئے،ملتان روڈ پر کالعدم تحریک لبیک کا احتجاج آج بھی جاری رہا۔

(جاری ہے)

تصادم کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت مظاہرین بھی زخمی ہوئے ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مسلح مظاہرین نے نواں کوٹ تھانے پر حملہ کیا۔

حملے کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکار تھانے میں محصور ہوگئے، جنہوں نے دفاعی طور پر مظاہرین کو پیچھے دھکیلا، مظاہرین ڈی ایس پی نواں کوٹ کو اغوا کرکے اپنے مرکز لے گئے ۔مظاہرین نے50 ہزار لیٹر پیٹرول کا ٹینکر بھی اپنی تحویل میں لے رکھا تھا ۔مظاہرین نے پولیس اور رینجرز پر پیٹرول بم سے بھی حملے کیے تھے ۔ گذشتہ روز پولیس نے لاہور میں پر تشدد مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں فوٹیجز کی مدد سے کالعدم ٹی ایل پی کے 70 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

لاہور میں پولیس اور رینجرز نے یتیم خانہ چوک پرکئی روز سے قابض مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آپریشن بھی کیا، آپریشن کے دوران یتیم خانہ چوک کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں تاہم بعد ازاں صدر تنظیم المدارس اہلسنت اور ممتاز عالمِ دین مفتی منیب الرحمان نے لاہور واقعہ کے خلاف آج پیر کو ملک گیر پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس کے بعد جمیعت علمائے اسلام (ف) اور لما اہل حدیث نے بھی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں