ملک میں بعض سیاسی و مذہبی جماعتیں اسلام کو غلط استعمال کر کے اپنے ملک کو ہی نقصان پہنچاتی ہیں . عمران خان

ملک میں مظاہرے کرکے توڑ پھوڑ کرکے مغرب کو کوئی فرق نہیں پڑے گا‘مسلم ممالک کے سربراہان کے ساتھ ملکر عالمی سطح پر قانون سازی کی کوشش کرررہے ہیں.وزیراعظم کا تقریب سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 19 اپریل 2021 13:04

ملک میں بعض سیاسی و مذہبی جماعتیں اسلام کو غلط استعمال کر کے اپنے ملک کو ہی نقصان پہنچاتی ہیں . عمران خان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 اپریل ۔2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہمارے ملک کی بعض سیاسی و مذہبی جماعتیں بعض اوقات اسلام کو غلط استعمال کرتی ہیں اور اپنے ملک کو ہی نقصان پہنچادیتی ہیں مارگلہ ہائی وے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس سے دوسروں کو کوئی فرق نہیں پڑتا مگر ہم خود نقصان اٹھاتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ میں انہیں واضح کروادینا چاہتا ہوں کہ یہاں سب نبی اکرمﷺ سے محبت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم سب کا مقصد ایک ہے، پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہماری قوم اپنے دین اور اپنے نبیﷺ سے محبت کرتی ہے .

(جاری ہے)

عمران خان نے کہاکہ جب ہمارے نبیﷺکی شان میں گستاخی ہوتی ہے تو کیا حکومت کو تکلیف نہیں ہوتی، کس نے دلوں کو چیر کر دیکھا ہے کہ کسے زیادہ تکلیف ہوئی اور کسے کم انہوں نے کہا کہ اس کام کے لیے دنیا میں ایک مہم چلانے کی ضرورت ہے، ملک میں مظاہرے کرکے توڑ پھوڑ کرکے مغرب کو کوئی فرق نہیں پڑے گا.

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مسلمان ممالک کے سربراہان کو شامل کرکے ایک مہم چلائیں گے، اس سے جو دباﺅ کی وجہ سے یہ جو بار بار ہمیں تکلیف دی جاتی ہے اس میں تبدیلی آئے گی عمران خان نے کہاکہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین میں موجودہ حکومت اس طرح کی مہم چلارہی ہے. انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے ملک میں توڑ پھوڑ کرتے رہیں گے اس سے اس مسئلے کا کوئی حل نہیں نکلے گا، ہم جو مہم لائیں گے اس سے بڑی تبدیلی آئے گی منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ پرانا ہے تاہم اس پر کام نہیں کیا گیا تھا انہوں نے کہاکہ پچھلے 20 سالوں میں اسلام آباد کی آبادی ڈیڑھ گنا زیادہ بڑھی ہے، آبادی زیادہ بڑھنے کا مطلب انفرا اسٹرکچر بھی بڑھنا تھا.

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جتنی بارش ہوتی ہے اتنی ہی لندن میں بھی ہوتی ہے، اس شہر میں گرمی کم پڑتی ہے، ہریالی ہے اس لیے یہاں کے لوگ ماحولیات کی فکر کرتے ہیں وزیر اعظم نے کہاکہ میں ایسے تمام لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی حکومت نے ماحولیات کی فکر کی ہے تو وہ موجودہ حکومت ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان جب سے بنا ہے ہم نے صرف 60 کروڑ درخت لگائے تھے ہم نے مزید جنگل بنانے کے بجائے انگریزوں کے بنائے جنگلوں کو بھی کاٹ دیا انہوں نے کہا کہ جنگلات کے کاٹنے کا سب سے بڑا اثر ماحولیاتی تبدیلی پر پڑے گا.

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں گرمی بڑھتی جارہی ہے اس کے بڑے اثرات سامنے آئیں گے اور پاکستان اس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد کی آبادی بڑھتی جارہی ہے اور اس رنگ روڈ سے اس شہر کے ٹریفک کا مسئلہ حل ہوگا.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں