سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی سفری پابندیاں عائد کر دیں

کیٹیگری سی میں شامل ممالک کی تعداد میں اضافے کے ساتھ 23 ممالک کی نئی فہرست جاری کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 20 اپریل 2021 10:33

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی سفری پابندیاں عائد کر دیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2021ء) : سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نئی سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ کورونا وائرس کی تیسری خطر ناک لہر کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ کیٹیگری سی میں شامل ممالک کی تعداد میں اضافے کے ساتھ 23 ممالک کی نئی فہرست جاری کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کو بھی سی کیٹیگری ممالک میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ سفری پابندیوں کی مدت میں 24 اپریل تک توسیع کر دی گئی، کٹیگری سی میں جنوبی افریقہ،برازیل،زمبابوے،بھارت، کینیا ،تنزانیہ، راونڈا، سمیت 23 ممالک کے مسافروں کی آمد این سی او کی اجازت سے مشروط کر دی گئی۔

این او سی کے بغیر کیٹیگری سی میں شامل ممالک کے مسافروں کی پاکستان آمد پر مکمل پابندی برقرار رکھی گئی ہے، ان ممالک میں موجود پاکستانی پاسپورٹ،نائیکوپ اور پی او سی کارڈ ہولڈرز پاکستانی بھی وطن واپس نہیں آسکیں گے ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق کٹیگری اے کے ممالک کی تعداد 20 کردی گئی کٹیگری اے میں شامل آسٹریلیا، بھوٹان چین، جاپان ،سعودی عرب ،سنگاپور اور سر ی لنکا سمیت دیگر ممالک کے مسافروں کیلیئے کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی نہیں۔

کٹیگری بی کے مسافروں کے لئے پی سی آر ٹیسٹ کا دورانیہ 72 گھنٹے ہوگا ۔نوٹیفکیشن ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک مرتبہ پھر سے کورونا نے تباہی مچانا شروع کر دی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے 137 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 16 ہزار 453 ہوگئی جبکہ اکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 66 ہزار 882 ہوگئی۔ پنجاب میں 7 ہزار 561، سندھ میں 4 ہزار 556، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 920، اسلام آباد میں 645، بلوچستان میں 225، گلگت بلتستان میں 104 اور آزاد کشمیر میں 442 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں