’شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر کے منصب کا تمسخر اڑایا‘ سابق وزیر اعظم کو نوٹس جاری

شاہد خاقان عباسی 7 دن میں معذرت کرتے ہوئے اپنی پوزیشن واضح کریں ، اگر سابق وزیر اعطم نے جواب داخل نہ کیا گیا سمجھا جائے گا کہ انہیں اپنے دفاع میں کچھ نہیں کہنا ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے نوٹس کا متن

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 اپریل 2021 15:39

’شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر کے منصب کا تمسخر اڑایا‘ سابق وزیر اعظم کو نوٹس جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل2021ء) 20 اپریل کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے مسلم لیگ ن کے رہنماء شاہد خاقان عباسی کو نوٹس جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان کے غیرپارلیمانی رویے اور ایوان میں بدمزگی کے واقعے پر شاہد خاقان عباسی کو قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ 21 کے تحت نوٹس جاری کیا گیا ، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر کے منصب کا تمسخر اڑایا ، شاہد خاقان عباسی کے طرز عمل سے اسمبلی کارروائی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ، شاہد خاقان عباسی نے اپنے طرز عمل سے قومی اسمبلی کی کاروائی میں خلل پیدا کیا اور ایوان کی کاروائی میں رکاوٹ ڈال کر اسپیکر کے منصب کا تمسخر اڑایا ہے۔

(جاری ہے)

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی نوٹس جاری ہونے کے 7 دن کے اندر معذرت کریں اور اپنی پوزیشن واضح کریں ، شاہد خاقان عباسی کے مقررہ وقت میں جواب داخل نہ کرنے پر یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کو اپنے دفاع میں کچھ نہیں کہنا۔ قبل ازیں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو جوتا مارنے کی دھمکی دینے کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے رہنماء سابق وزیر اعطم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے اسپیکر اسد قیصر سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کو دھمکی دینے سے تضحیک ہوئی ہے ، جس کی مذمت ہونی چاہیئے، ہم پوٹھوہار اور کوہسار میں ہم تہذیب میں رہ کر الیکشن لڑتے ہیں ، یہ واقعہ کارکنان اور معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے اس لیے س فعل پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے معافی مانگیں جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی کے معافی مانگنے تک انہیں نمائندگی سے ہٹائے۔

انہوں نے کہا کہ عام عوام کا احتجاج ہوتا ہے تو یہ لوگوں کو مارنے کے لیے بھاگتا ہے ، قومی اسمبلی میں شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر کے سامنے جاکر جوتا مارنے کی بات کی جو غیر سیاسی اور غیر اخلاقی تھی ، اسپیکر نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا ہے ، ہم ممبرز مل کر اسپیکر کے پاس جائیں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنماء شاہد خاقان عباسی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی تو سابق وزیر اعطم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے اسپیکر کے ڈائس کے سامنے آکر اسد قیصر کو دھمکی دی گئی کہ میں آپ کو جوتا اتار کر ماروں گا ، جس کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے رہنماء کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی زبان درست کریں اور اپنی حد میں رہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں