پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ایک مرتبہ پھر متحرک ہو گئے

عید الفطر کے بعد لانگ مارچ شروع کرنے کا امکان ، اجلاس طلب کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 اپریل 2021 10:57

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ایک مرتبہ پھر متحرک ہو گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2021ء) : جمیعت علمائے اسلام (ف) اور حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ایک مرتبہ پھر سے سیایس طور پر متحرک ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم جماعتوں کے سربراہان اور رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی کو اس اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اجلاس میں شامل ہونے والی جماعتوں کے قائدین پاکستان پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے بغیر حکومت مخالف تحریک پر مشاورت کریں گی۔ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا اجلاس 26 اپریل کو4 بجے طلب کیا جس میں عیدالفطر کے بعد لانگ مارچ شروع کرنے پر غور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 12 اپریل کو پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے تمام عہدوں سے استعفے دینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد 13 اپریل کو پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے عہدیداران کے تحریری استعفے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھجوا دئے تھے۔ پیپلز پارٹی کے اس اقدام کے پیپلزپارٹی اور اے این پی نمائندوں کو پی ڈی ایم کےواٹس ایپ گروپ سےنکال دیا گیا تھا۔

گروپ ایڈمن احسن اقبال نے چاروں افراد کو گروپ سے نکالا تھا۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی اور اے این پی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ افسوس ہے کہ انہوں نے پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کیا، پی پی کے اراکین نے پی ڈی ایم عہدوں سے استعفے بھجوا دیئے ہیں، اب بھی کہہ رہا ہوں کہ آپ اپنے فیصلوں پرنظرثانی کریں پی ڈی ایم آپ کی بات سننے کو تیارہے۔ تاہم پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی پی ڈی ایم کے فیصلوں اور سرگرمیوں سے علیحدہ نظر آتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں