لوگ عید کی شاپنگ ابھی سے کر لیں، آگے لاک ڈاؤن لگ سکتا ہے

عید تک آؤٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔ سربراہ این سی او سی اسد عمر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 اپریل 2021 15:13

لوگ عید کی شاپنگ ابھی سے کر لیں، آگے لاک ڈاؤن لگ سکتا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2021ء) : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کوویڈ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اور اعلی صوبائی حکام نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزرائے اعلٰی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں سربراہ این سی او سی اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ہوسکتا ہے ایسی صورتحال پیدا ہو کہ شہروں میں لاک ڈاؤن کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ عید تک آؤٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی لگائی جارہی ہے تاہم صرف ٹیک اوے اور گھر پر کھانا پہنچانے کی اجازت ہوگی، جم اورایکسرسائز سینٹرز پر بھی پابندی عائد کی جارہی ہے۔ انہوں نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ لوگ بالخصوص خواتین عید کی شاپنگ ابھی سے کرلیں کیونکہ ہوسکتا ہے آگے لاک ڈاؤن لگ جائے۔

(جاری ہے)

اسد عمر کا کہنا تھا کہ دفاتر 2 بجے بند کردیے جائیں اور 50 فیصد سے زیادہ لوگوں کو نہ بلایا جائے۔

جن علاقوں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہے وہاں اسکول عید تک بند کیے جائیں گے جن میں میٹرک اور انٹر کلاسز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بازار شام 6 بجے تک کھلیں گے، اس کے بعد صرف اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلیں گی۔ افطاری کے بعد بازار نہیں کھلیں گے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ خواتین عید کی شاپنگ دن میں کریں اور ابھی سے شروع کردیں، عید کی شاپنگ کے لیے آخری 3 یا 5 دن کا انتظار نہ کیاجائے کیونکہ ہوسکتا ہے آگے لاک ڈاؤن کردیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کی وبا کا پھیلاؤبڑھ گیا ہے ، اگر کورونا زیادہ بڑھ گیا توخدشہ ہے کہ لاک ڈاون ہوجائے گا۔ بیرون ملک سے آنے مسافروں سے متعلق اسد عمر نے کہا کہ جولوگ باہر سے آرہے ہیں اس کی تعداد میں بھی کمی لائی جائے گی ، باہر سے آنے والوں کی ٹیسٹنگ بھی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم آکسیجن کے استعمال کی 90 فیصد پیداواری صلاحیت تک پہنچ گئے ہیں، اس میں سے 80 فیصد کورونا اور صحت کے لیے استعمال ہورہی ہے، اس کی سپلائی کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور باہر سے بھی درآمد کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر شہروں میں فوج طلب کرلی ہے جس کا مقصد ایس او پیزپرمکمل عملدرآمد کروایا جانا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے این سی سی اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا پر دکھایاجارہاہے کہ بھارت میں صورت حال تشویشناک ہے، کورونا کی صورتحال میں بھارت میں آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے ، ہم نے احتیاط نہ کی تو بھارت جیسے حالات ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی لہر آئی تو پاکستان واحد ملک تھا جہاں مساجد کُھلی تھیں، مجھے افسوس ہے کہ آج کوئی ایس اوپیز پرعمل نہیں کررہا ، بہت تھوڑے لوگ ایس اوپیز پر عمل کررہے ہیں، لاک ڈاؤن لگا تو سب سے زیادہ نقصان غریبوں کو پہنچے گا، احتیاط نہ کی تو حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کے لیے پاک فوج بھی سڑکوں پر نکلےگی، پاک فوج پولیس اور رینجرز کی مدد کرے گی، قوم مل کر مقابلہ نہیں کرے گی تو ہم اس وبا سے نہیں جیت سکتے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں