وفاقی وزیر تعلیم کی خصوصی ہدایات ’’ نیشنل ایمپلائمنٹ ایکسچینج ٹولز (نیکسٹ)‘‘کو لانچ کر دیا گیا

ٹی ویٹ سیکٹر کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لئے کونسل ریگولیٹری پلیٹ فارم کا کام کرے گی،شفقت محمود کااجلاس سے خطاب

جمعہ 23 اپریل 2021 16:48

وفاقی وزیر تعلیم کی خصوصی ہدایات ’’ نیشنل ایمپلائمنٹ ایکسچینج ٹولز (نیکسٹ)‘‘کو لانچ کر دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2021ء) وفاقی وزیر تعلیم کی خصوصی ہدایات ’’ نیشنل ایمپلائمنٹ ایکسچینج ٹولز (نیکسٹ)‘‘کو لانچ کر دیا گیا ۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیر صدارت ’’ ہنر مند پاکستان پروگرام‘‘ کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ نیوٹیک نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 30 ہزار اسٹوڈنٹس کو ہائی ٹیک ٹریڈز کے ان شعبوں میں تربیت دی جا رہی ہے جنکی مارکیٹ میں پرزور مانگ ہے جن میں سے 17 ہزار اسٹوڈنٹس ٹریننگ مکمل کر کے مارکیٹ میں لانچ ہو چکے ہیں۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے شدید مشکلات کے باوجود جس سرعت سے 17 ہزار اسٹوڈنٹس کی ٹریننگ مکمل کرائی یہ گراں قدر کارنامہ ہے ہم نے اس پروگرام کیوجہ سے نہ صرف 17 ہزار اسٹوڈنٹس کو باعزت روزگار کے حصول کے قابل بنایا ہے بلکہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مزید براں 50 ہزار اسٹوڈنٹس دوسرے بیچ میں ٹریننگ لینے کے لئے نام درج کرا چکے ہیں اور 12 اپریل سے انکی ٹریننگ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے 6 ماہ کے اس ٹریننگ کورس پر 3500 ملین لاگت آئے گی۔

وفاقی وزیر کی خصوصی ہدایات پر کمیشن نے ’’ نیشنل ایمپلائمنٹ ایکسچیج ٹولز (نیکسٹ)‘‘کو بھی لانچ کر دیا ہے۔ نیکسٹ کے تحت روزگار تلاش کرنے والوں، روزگار مہیا کرنے والوں ( پبلک سیکٹر، پرائیویٹ سیکٹر اور اوورسیز) ، ٹیوٹاز، ٹی ویٹ کے اداروں اور بین الاقومی جاب مارکیٹ کو ایک پلیٹ فارم میں ضم کیا گیا ہے۔ نیکسٹ، ملک میں موجود تمام روزگار مہیا کرنے والی فیسیلیٹیز کا بھی اتصال کرے گی۔

منصوبے کی تکمیل پر 150 ملین لاگت آئی ہے۔ وفاقی وزیر نے نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اس قدم کو تاریخ ساز قرار دیا ہے۔وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ کمیشن نے 75 سمارٹ ٹیک لیبز قائم کر دی ہیں اور 25 پر تیزی سے کام جاری ہے،یہ سمارٹ لیبز فاصلاتی تعلیم مہیا کرنے کے لئے استعمال کی جائیں گی۔ اس منصوبے کے تحت تمام ملکی ٹی ویٹ اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے۔

اس منصوبے کی تکمیل پر 500 ملین جبکہ ایک لیب کی تکمیل پر 65 ملین لاگت آئی ہے۔ٹی ویٹ سیکٹر کے معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے نیشنل ایکریڈیشن کونسل قائم کی جارہی ہے،اسلام آباد میں اسکا ہیڈ کوارٹر ہوگا اور اس منصوبے پر 110 ملین لاگت آئے گی۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ ٹی ویٹ سیکٹر کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لئے کونسل ریگولیٹری پلیٹ فارم کا کام کرے گی، علاوہ ازیں کونسل بین الاقوامی لینکجز منظم کرنے میں فعال کردار ادا کرے گی وفاقی وزیر نے کہا کونسل کے قیام سے ٹی ویٹ سیکٹر میں ایکدوسرے سے بہتر کارکردگی دکھانے کے مثبت رجحان کو تقویت ملے گی۔

وفاقی وزیر شفقت محمود کو کم ترقی یافتہ ایریاز جن میں فارمر فاٹا گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر ، جنوبی پنجاب اور صوبہ سندھ کے دیہی علاقے شامل ہیں میں روایتی ٹیکنالوجیز کے کورسز پر بھی بریف کیا گیا۔ نیوٹیک ان علاقوں میں 50ہزار اسٹوڈنٹس کو 31اکتوبر تک ٹریننگ مکمل کرائے گا۔ پہلے بیچ کی ٹریننگ مارچ میں مکمل ہو چکی اور رواں ماہ دوسرے بیچ کی ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

روایتی ٹیکنالوجی ٹریننگ کے اس منصوبے پر 2000 ملین لاگت آ رہی ہے۔علاوہ ازیں اسلام آباد ، آزاد جموں و کشمیر، اور گلگت بلتستان میں رسمی اور غیر رسمی سیکٹرز میں 20 ہزار اسٹوڈنٹس کو اپرینٹس شپ ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ 6 ماہ کے اس تربیتی کورس پر 480 ملین لاگت آئیگی، میریئٹ، سرینہ ہوٹل، کے ایف سی، میکڈونلڈ، راحت، تہذیب، سیوور فوڈز، کیئا موٹرز، سوزوکی، اٹلس ہونڈا، ڈی ایچ اے، بحریہ، شاہین کیمسٹ اس پروگرام میں اپرینٹس شپ پارٹنر ہیں۔

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے یہ اپنی نوعیت کا واحد تاریخ ساز پروگرام ہے جس میں پہلی بار ہائی ٹیک کے شعبے جن میں سر فہرست آرٹیفیشل انٹیلی جنس، روبوٹکس، 3-ڈی اینیمیشن، اینڈرائیڈ ایپلی کیشن تیار کرنا، کلاوئڈ کمپیوٹنگ، گرافکس ڈیزائننگ، انڈسٹری آٹومیشن اور سائبر سیکیورٹی سر فہرست ہیں میں ٹریننگ متعارف کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق ہم نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع مہیا کر کے اور جدید ٹیکنالوجیز سے آراستہ کر کے انکو ایسا شہری بنا رہے ہیں جو سر اٹھا کر جی سکیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں