وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی ہدایات

فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے مدارس کے طلبہ کو سکالر شپس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

جمعہ 23 اپریل 2021 21:15

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی ہدایات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2021ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی ہدایات پر فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیئٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے مدارس کے طلبہ کو سکالر شپس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے فیڈرل بورڈ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا مدارس کے 20 طلبا و طالبات جو ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے انکو وفاقی بورڈ کی طرف سے سالانہ سکالر شپ مہیا کی جائے گی۔

وفاقی وزیر کی ہدایات پر میٹرک میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو اگلے دو سال کے لئے وفاقی بورڈ کی طرف سے پچیس ہزار روپے سکالر شپ دی جائے گی اور انٹرمیڈیئٹ میں نمایاں کارکردگی کرنے والے وہ طلبہ جو میڈیکل کی فیلڈ میں داخلہ لیں گے انکو اگلے 5 برس تک سکالر شپ کی رقم دی جائے گی اور جو طلبہ انجیرنگ پروگرام میں ایڈمیشن لیں گے انکو اگلے 4 برس کے لئے سکالر شپ مہیا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے اور چونکہ تعلیم کے فروغ میں مذہبی مدارس و مراکز کا کردار قابل تعریف اور مسلمہ حقیقت ہے لہذا میری وزارت اور ہماری حکومت سے جس حد تک ممکن ہوا ہم مذہبی تعلیمی مراکز و مدارس کی معاونت و حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے 10 فروری کو ' تقریب تقسیم اسناد برائے مدارس دینیہ' کے موقع پر مدارس کے طلبہ کے لئے ان سکالر شپس کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں