ہلال ِاحمر کے زیر ِ اہتمام عالمی ریڈکراس/ ریڈکریسنٹ ڈے کا انقعاد

رضاکاروں اور عملہ کو خراجِ تحسین، ہماری جدوجہد "UNSTOPPABLE"ہے، ابرار الحق

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 7 مئی 2021 13:53

ہلال ِاحمر کے زیر ِ اہتمام عالمی ریڈکراس/ ریڈکریسنٹ ڈے کا انقعاد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 7 مئی 2021ء،نمائندہ خصوصی،عمر جنجوعہ) ہلال ِاحمر پاکستان نے ورلڈ ریڈکراس/ ریڈ کریسنٹ ڈے کے موقع پر اِس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہمارا عملہ، ہمارے رضاکار کورونا وباء کی اِس ناگفتہ بہ صورتحال میں جس جانفشانی سے انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں، وہ قابل ِ ستائش ہے۔ کمزور طبقات کی مدد و تعاون ہلال ِاحمر کا طرہ امتیاز ہے۔

دنیا بھر میں ہر سال 8 مئی کو عالمی ریڈکراس/ ریڈکریسنٹ ڈے منایا جاتا ہے۔ یہ دِن ہمیں یاد دِلاتا ہے کہ ہلالِ احمر ہمیشہ فرنٹ لائن پررہ کر قدرتی آفات، سانحات، حادثات کے علاوہ وباء کے دوران انسانیت کی خدمت کرتا ہے۔دنیا بھر میں 192 نیشنل ریڈکراس/ ریڈکریسنٹ سوسائٹیاں کام کرتی ہیں۔ ایک لاکھ 60 ہزار کے قریب مقامی شاخیں متحرک و فعال ہیں اور 14 ملین رضاکار خدمت ِ انسانیت کے سفر میں شریک ہیں۔

(جاری ہے)

اَمسال اِس دِن کی مناسبت سے موضوع "UNSTOPPABLE"ہے۔جو ہمیں نہ رُکنے کی ترغیب دیتا ہے، موجودہ صورتحال میں بھی ہلالِ احمر سوسائٹیز اپنابھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔عالمی ریڈکراس/ ریڈکریسنٹ ڈے کے موقع پر اپنے ایک بیان میں چیئرمین ہلال ِاحمر پاسکتان ابرار الحق کا کہنا تھا کہ  ہلالِ احمر کے رضاکاروں نے فرسٹ ایڈ کی فراہمی، بروقت خون کی فراہمی، اشیاء خوراک کی تقسیم، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت عامہ سے متعلق آگاہی پھیلانے کا کام جاری رکھا۔

ایسے چیلنجز میں بھی ہلالِ احمر کے رضاکاروں نے ”نہ رُکنے“ کی مثال قائم کرکے دِل جیت لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہلال ِاحمر کے عملہ اور رضاکاروں نے وباء کے دوران قابلِ رَشک قابل ِ ستائش خدمات کی فراہمی جاری رکھی ہوئی ہے، ہلالِ احمر نے کورونا وباء کیخلاف متعدد اقدامات اُٹھائے۔ ہماری آگاہی مہم مؤثر رہی، کورونا محافظ فورس نے گرانقدر کردار ادا کیا۔

آگاہی ہیلپ لائن سے ہزاروں لوگ مستفید ہوئے اور سب سے بڑھ کر راولپنڈی میں کورونا کیئر ہسپتال کا قیام ہے جو اب ماس ویکسی نیشن سنٹر کے طور پر کام کررہا ہے۔ یہ سب کچھ ہلال ِاحمر کے عملہ اور رضاکاروں کی بدولت ممکن ہوا۔ ابرار الحق نے اِس موقع پر ہیلتھ کیئر ورکرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے اِس عزم کا اظہار کیا کہ دنیا کو محفوظ اور پرُ امن بنانے کیلئے ہماری کمٹمنٹ رُکنے والی نہیں۔ ہلالِ احمر انسانیت کی خدمت کا سفر بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہے اور بلا امتیاز یہ سفر جاری رہے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں