حماس کے راکٹ حملوں سے اسرائیل کی سیاحتی صنعت تباہی کے دہانے پر آ گئی

سینکڑوں پروازیں منسوخ ہونے سے اسرائیل کی سیاحتی صنعت تباہی کے دہانے پر آ گئی، ٹور آپریٹرز کے دیوالیہ ہو جانے کا امکان

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 16 مئی 2021 19:18

حماس کے راکٹ حملوں سے اسرائیل کی سیاحتی صنعت تباہی کے دہانے پر آ گئی
تل ابیب ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2021ء ) حماس کی جانب سے اسرائیلی حملوں کا منہ توڑ جواب، سینکڑوں پروازیں منسوخ ہونے سے اسرائیل کی سیاحتی صنعت تباہی کے دہانے پر آ گئی، ٹور آپریٹرز کے دیوالیہ ہو جانے کا امکان- تفصیلات کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے راکٹ باری سے اسرائیل کی سیاحتی صنعت کو شدید جھٹکا پہنچا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکٹ حملوں کے باعث مسافر طیاروں کے بعد کروز لائنز نے بھی سفر منسوخ کردیے، تل ابیب ائیرپورٹ پر 16 مئی کو 70 سے زائد پروازوں کی آمد اور روانگی منسوخ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہوٹل کی بکنگز بھی کم ترین سطح پر آگئی ہے، ٹور آپریٹرزکا کہنا ہےکہ موسم گرما کےلیے ٹورگروپس سے بات چیت مکمل ختم ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اٹلی کی بندرگاہ پر عملے نے اسرائیل کےلیے بھیجا جانے والا اسلحہ لوڈ کرنے سے انکار کردیا۔

ڈاک ورکرز یونین رہنماؤں کا کہنا تھاکہ وہ اسرائیلی قتل عام کا حصہ نہیں بن سکتے۔ حماس کے حملوں میں دو اسرائیلیوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔حماس کی جانب سے اسرائیل پر سو سے زائد راکٹ حملوں کا دعوی کیا گیا ہے۔نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے اور مسجد اقصیٰ پر حملے کرنے والی ظالم اسرائیلی فوج پر غزہ کی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے بھرپور جوابی وار کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق حماس نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب پر 130 راکٹ داغے ہیں۔ حملہ غزہ کے رہائشی علاقوں میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے بعد کیا گیا۔ حماس کے جواب وار کے بعد اسرائیل نے تل ابیب کا بین الاقوامی ائیرپورٹ ہنگامی طور پر بند کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی فضائی بمباری کے نتیجے میں اب تک درجنوں افراد شہید اور 180 زخمی ہو چکے ہیں۔

شہدا میں بچے بھی شامل ہیں۔ مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل نے اس وقت وحشیانہ بمباری کی ہے جب رمضان المبارک کا آخری عشرہ ہے اورعید الفطر میں صرف دو دن رہ گئے ہیں۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی بمباری میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے ہر طرف چیخ و پکار سنائی دیا، زخمیوں کی آہ و بکا سے آسمان لرز اٹھا اور خوف و دہشت کے عالم میں ماں باپ اپنے معصوم بچوں کو بچانے کی کوشش میں ادھر ادھر بھاگتے رہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے فضائی حملے کے نتیجے میں حماس کے کمانڈرز کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔ جبکہ فلسطین کے صدر محمود عباس نے غزہ پر کیے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر کی مناسبت سے منعقد کی جانے والی تقاریب اب نہیں ہوں گی۔فلسطین کے صدر نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی جرائم کو روکنے کے لیے فوری طور پر اقدامات اٹھائے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں