مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی فوجیوں پرگاڑی چڑھا دی

متعدد فوجی اہلکار شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل، صہونی فوجیوں نے گاڑی میں سوار نوجوان کو شہید کر دیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 16 مئی 2021 22:37

مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی فوجیوں پرگاڑی چڑھا دی
غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2021ء) مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی فوجیوں پرگاڑی چڑھا دی، متعدد فوجی اہلکار شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل، صہونی فوجیوں نے گاڑی میں سوار نوجوان کو شہید کر دیا- تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی فوجیوں پرگاڑی چڑھادی جس کے نتیجے میں 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی نوجوان نےشیخ الجراح جانے والی سڑک پر قائم چیک پوسٹ سے گاڑی ٹکرادی۔ کارکی ٹکرکے نتیجے میں چیک پوسٹ میں موجود 7 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکےگاڑی میں سوارفلسطینی نوجوان کو شہید کردیا۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

لندن میں فلسطین کے حق میں بڑی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور فلسطینی پرچم تھامے مظاہرین Marble Arch پر جمع ہوئے اور اسرائیلی سفارتخانیکی جانب مارچ کیا۔لندن میں فلسطین کی حمایت میں ہونے والے مظاہرے میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگ شریک ہوئے ان مظاہروں میں اسرائیل کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران اسرائیلی فوج نے مسجد الاقصی میں گھس کر 300 سے زائد نمازیوں کو زخمی کردیا تھا جس کے بعد سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے- اسلامی ممالک کی سربراہی تنظیم (او ائی سی) نے اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی ہے۔

سعودی عرب کی درخواست پر مقبوضہ فلسطین کی صورت حال پر او آئی سی کا ورچوئل اجلاس ہوا۔او آئی سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں پراسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔او آئی سی نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینی علاقوں پر حملے فوری بند کرے۔ او آئی سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل مسجدالاقصیٰ سمیت تمام مقدس مقامات کی بیحرمتی بند کرے اور سلامتی کونسل اسرائیلی بربریت رکوانے کے لیے فوری اقدام کرے۔اس سے قبل اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو بنیادی انسانی حقوق اور اخلاقیات کے خلاف اقدام قرار دیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں