رنگ روڈ منصوبے میں اربوں روپے کھائے نہیں ، بچائے گئے ہیں،وزیر اطلاعات

ن) لیگ یا پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی تو انکوائری ہی نہ کراتی، یہ عمران خان ہیں جو دلیرانہ فیصلے لیتے ہیں،ابتدائی تحقیقات میں غلام سرور اور زلفی بخاری سمیت کوئی حکومتی وزیر اور مشیر اس اسکینڈل میں ملوث نہیں،اینٹی کرپشن اور متعلقہ ادارے مزید کا معاملے کی تحقیقات کریں گے،الیکشن اصلاحات سے متعلق اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے،

منگل 18 مئی 2021 22:45

رنگ روڈ منصوبے میں اربوں روپے کھائے نہیں ، بچائے گئے ہیں،وزیر اطلاعات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں اربوں روپے کھائے نہیں ، بچائے گئے ہیں،(ن) لیگ یا پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی تو انکوائری ہی نہ کراتی، یہ عمران خان ہیں جو دلیرانہ فیصلے لیتے ہیں،ابتدائی تحقیقات میں غلام سرور اور زلفی بخاری سمیت کوئی حکومتی وزیر اور مشیر اس اسکینڈل میں ملوث نہیں،اینٹی کرپشن اور متعلقہ ادارے مزید کا معاملے کی تحقیقات کریں گے،الیکشن اصلاحات سے متعلق اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے پر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی پوزیشن واضح نہیں،ن لیگ دھاندلی کے بغیر الیکشن نہیں لڑسکتی، قومی اسمبلی میں پیر کے دن سے الیکشن اصلاحات سے متعلق بحث کا آغاز کریں گے،اسحاق ڈار 2018 میں سینیٹر بنے لیکن آج تک حلف نہیں اٹھایا،قانون لارہے چھ ماہ میں حلف نہ اٹھانے و الے کی رکنیت منسوخ ہو جائیگی ، شاہ محمود قریشی سمیت مسلم ملکوں کے وزراء خارجہ نیو یارک جائیں گے،فلسطین کومیڈیکل ایمرجنسی کی صورتحال کا سامنا ہے پاکستان امداد بھیجے گا۔

(جاری ہے)

منگل کو وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ جب راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ 2017 میں بنا تھا ، اس کا مقصد راولپنڈی میں بھاری ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا تھا تاہم اس کو اٹک رنگ روڈ منصوبہ بنادیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کو کسی نامعلوم انجینئر کا فون آیا اور منصوبے میں خرابی سے متعلق بتایا، رنگ روڈ کا معاملہ سامنے آیا تو وزیر اعظم نے فوری تحقیقات کا حکم دیا۔

(ن) لیگ یا پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی تو انکوائری ہی نہ کراتی، یہ عمران خان ہیں جو دلیرانہ فیصلے لیتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اسکینڈل اربوں روپے کی کرپشن کا نہیں بلکہ وزیر اعظم نے اس منصوبے پر اربوں روپے کی کرپشن روک دی۔ اس حوالے سے وزیر اعظم کے حکم پر تحقیقات کرائی گئی، ابتدائی تحقیقات میں کوئی حکومتی وزیر اور مشیر اس اسکینڈل میں ملوث نہیں، رپورٹ میں زلفی بخاری یا غلام سرور کا کوئی تذکرہ نہیں، زلفی بخاری نے ذاتی طور پر منصوبے سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن اصلاحات سے متعلق اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے پر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی پوزیشن واضح نہیں، (ن) لیگ والے تو شفاف الیکشن پر یقین ہی نہیں رکھتے۔ انہوںنے کہاکہ ن لیگ دھاندلی کے بغیر الیکشن نہیں لڑسکتی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں،شفاف انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینز ضروری ہیں،قومی اسمبلی میں پیر کے دن سے الیکشن اصلاحات سے متعلق بحث کا آغاز کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ اسحاق ڈار 2018 میں سینیٹر بنے لیکن آج تک حلف نہیں اٹھایا، ایسا قانون لارہے ہیں کہ اگر 6 ماہ میں حلف نہیں اٹھائیں تو رکنیت منسوخ ہوگی۔وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ترکی پہنچے ہیں وہاں سے و ہ نیو یارک جائیں گے،مسلم ملکوں کے وزراء خارجہ نیو یارک جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے فلسطین کے مسئلے پر واضح مؤقف اپنایا،فلسطینی قیادت نے پاکستان کے مؤقف کاشکریہ بھی ادا کیا۔ انہوںنے کہاکہ فلسطین کومیڈیکل ایمرجنسی کی صورتحال کا سامنا ہے پاکستان امداد بھیجے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں