تاریخی مہنگائی، بے روزگاری عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے، بلاول

جتنی بے روزگاری عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت میں ہے، اتنی ماضی میں کبھی نہیں رہی، اعداد وشمار چھپانے سے مسائل حل نہیں ہو سکتے، صرف پی پی پی عوامی منشور دے سکتی ہے، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 12 جون 2021 22:40

تاریخی مہنگائی، بے روزگاری عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے، بلاول
مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے جو عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے،جتنی بے روزگاری عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت میں ہے، اتنی ماضی میں کبھی نہیں رہی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں تاریخ کی بدترین مہنگائی ہے یہاں تک جنگ زدہ ممالک اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ، پاکستان میں اس وقت تاریخ کی سب سے زیادہ بے روزگاری ہے، جتنی بے روزگاری عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت میں ہے، اتنی ماضی میں کبھی نہیں رہی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ بے روزگاری عمران خان کی تبدیلی کی اصل شکل ہے، جس نہج پر غربت پہنچ چکی ہے وہ بھی تاریخی ہے، عمران خان اور ان کے وزیر اتنے شرمندہ ہیں کہ انہوں نے غربت اور بے روزگاری کے اعداد و شمار کو اپنے معاشی سروے سے بالکل غائب کردیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ عوام سے اصل اعداد و شمار چھپا سکتے ہیں، وہ عوام سے یہ اعداد وشمار چھپانا چاہتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری تاریخی سطح پر ہے۔انہوںنے کہاکہ وہ چھپانا چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا اور پاکستان کے عوام کے لیے سب سے بری خبر یہ ہے کہ غربت میں سب سے زیادہ اضافہ خیبر پختونخوا میں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے حکومت عوام سے یہ اعداد وشمار چھپانا چاہتے ہیں، ہمیں پتا ہے کیونکہ ہمارے ساتھی بے روزگار ہوتے جارہے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ جو لوگ عمران خان کی حکومت آنے سے پہلے برسر روزگار تھے وہ اب بے روزگار بیٹھے ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اعداد وشمار چھپانے سے مسائل حل نہیں ہو سکتے، صرف پی پی پی عوامی منشور دے سکتی ہے کیونکہ ہماری پالیسی ہمیشہ عوام دوست اور غریب دوست رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں