شفاف انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین واحد حل ہے

اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں ان کو انتخابی عمل میں شریک بنائیں گے۔وزیراعظم عمران خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 جون 2021 10:20

شفاف انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین واحد حل ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جون 2021ء) : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں ان کو انتخابی عمل میں شریک بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرا عظم کو الیکٹرانک ووٹنگ میشن کے استعمال اور قانون سازی سے متعلق پیش رفت پر بھی بریف کیا گیا۔

اجلاس میں سینیٹر شہزاد وسیم، مشیر بابر اعوان، شبلی فراز، اعظم سواتی اور فرخ حبیب بھی شریک تھے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین واحد حل ہے۔ جبکہ الیکٹرانک ووٹنگ میشن کے استعمال میں شفافیت اور آئینی تقاضوں کو پورا کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے حوالے سے ہم پُرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کی بات کی ہے۔ گذشتہ روز اسلام آباد میں ایگل اسکواڈ کی افتتاحی تقریب سے بھی وزیراعظم عمران خان نے خطاب کیا تھا، اس دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ طاقت ور طبقے اور قانون توڑنے والوں کے لیے پولیس کو سخت ہونا چاہئیے،اگر میں خود بھی قانون توڑوں تو پولیس کو کارروائی کرنی چاہئیے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے واقعات کا جائزہ لیا جائے گا، بجٹ کی منظوری کے لیے حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں اپوزیشن کے خلاف حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔ حکومتی اتحادی جماعتیں بھی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شریک ہوں گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بھی آج طلب کرلیا ہے۔ اس اجلاس میں وفاقی وزرا، چاروں وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے۔ اجلاس میں پانی کی تقسیم کا معاملہ زیر غور آئے گا۔ جبکہ اس اجلاس میں صوبوں کو فنڈز سمیت اہم معاملات پر گفتگو ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں