امن مخالف اسپائیلرز کی پسپائی کیلئے بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا ناگزیر ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

جمعہ 18 جون 2021 18:17

امن مخالف اسپائیلرز کی پسپائی کیلئے بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا ناگزیر ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امن مخالف اسپائیلرز کی پسپائی کیلئے بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا ناگزیر ہے، امن عمل کی کامیابی کیلئے ہم بلاتخصیص تمام افغان قیادت کے ساتھ روابط کے متمنی ہیں ۔یہ بات انہوں نے انطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر جمعہ کو ترکی میں افغانستان کی اعلی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے چیرمین افغان اعلی کونسل برائے قومی کو، ستمبر 2020 میں کیے گئے، پاکستان کے کامیاب دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم بلاتخصیص تمام افغان قیادت کے ساتھ روابط کے متمنی ہیں تاکہ افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات بہتر انداز میں آگے بڑھ سکیں۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو، اپنی پرخلوص مصالحانہ کاوشوں کے سبب امریکہ اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے اور بین الافغان مذاکرات کے انعقاد میں کامیابی حاصل ہوئی،اب یہ ذمہ داری افغان قیادت پر عائد ہوتی ہے کہ وہ اس نادر موقعے کو غنیمت جانتے ہوئے جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کا سیاسی حل تلاش کریں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امن مخالف اسپائیلرز کی پسپائی کیلئے بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا ناگزیر ہے۔وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ منفی بیانات اور الزام تراشیاں محض ماحول کی خرابی کا باعث بنتی ہیں،ایسے منفی بیانات امن مخالف قوتوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں