اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے بیان پر احسن اقبال نے وضاحت پیش کر دی

ہم الیکشن کو عالمی ایجنسیوں کیلئے نہیں کھول سکتے کہ جب دل چاہے الیکشن ہیک کرلیں، اگر ووٹنگ مشینوں میں سرکٹ تبدیل کردیا یا کوئی وائرس ڈال دیا تو کون ذمہ دار ہو گا، لیگی رہنما احسن اقبال

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 20 جون 2021 21:06

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے بیان پر احسن اقبال نے وضاحت پیش کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 20جون 2021) ہم الیکشن کو عالمی ایجنسیوں کیلئے نہیں کھول سکتے کہ جب دل چاہے الیکشن ہیک کرلیں، اگر ووٹنگ مشینوں میں سرکٹ تبدیل کردیا یا کوئی وائرس ڈال دیا تو کون ذمہ دار ہو گا، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے بیان پر احسن اقبال نے وضاحت پیش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم اورورسیز کے حامی ہیں، لیکن ہم اپنے الیکشن کو عالمی ایجنسیوں کیلئے نہیں کھول سکتے کہ جب دل چاہے الیکشن ہیک کرلیں، اگر ووٹنگ مشینوں میں سرکٹ تبدیل کردیا یا کوئی وائرس ڈال دیا تو کون ذمہ دار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ را اور موساد جیسی دشمن ممالک کی ایجنسیاں ہمارا الیکشن ہیک کر سکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ حکومت خود الیکشن ہیک کروا لے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بھی نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ہمارے ساتھ مل بیٹھ کر انتخابی اصلاحات پر کام کرے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ حکومت کی اسمبلی میں اکثریت ہو تو وہ اپوزیشن سے بات چیت کرے بغیر ہی کوئی بھی بل منظور کروا لے، انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت انتخابات کا آن لائن نظام متعارف کروا کر دھاندلی کرنا چاہتی ہے- نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کروائے جانے والے آن لائن ووٹنگ کے نظام کو نہ صرف موساد اور را جیسے دشمن ممالک کے ادارے ہیک کر سکتے ہیں، بلکہ ممکن ہے کہ حکومت خود ہی اس سسٹم کو ہیک کر لے اور یوں دھاندلی کے دروازے کھل جائیں گے- واضح رہے کہ اپنے ایک گزشتہ بیان میں احسن اقبال نے کہا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملکی سیاست کا کچھ پتا نہیں، اس سے بیرونی مداخلت کے دروازے کھل جائیں گے، پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے وفاقی وزیر اطلاعات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری وکیل ہیں، ہمیں ٹیکنالوجی نہ پڑھائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں