آصف زر داری اور بلاول بھٹو زر داری کا سینیٹر عثمان کاکڑ کے انتقال پر رنج و غم اور صدمے کا اظہار

منگل 22 جون 2021 00:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2021ء) سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پشتونخواہ میپ کے رہنما سینیٹر عثمان کاکڑ کے انتقال پر رنج و غم اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سینیٹر عثمان کاکڑ بلوچستان کے عوام کے وکیل تھے۔ انہوں نے پارلیمان میں بلوچستان کے عوام کی بھرپور نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے عثمان کاکڑ کے انتقال پر پشتونخواہ میپ اور سینیٹر عثمان کاکڑ کے سوگوار خاندان سے ہمدری اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی سینیٹر عثمان کاکڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر عثمان کاکڑ پارلیمان میں عوام کی ایک مضبوط اور توانا آواز تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں سینیٹر عثمان کاکڑ کے انتقال کی خبر سن کر سخت صدمہ پہنچا ہے۔ سینیٹر عثمان کاکڑ کی عوامی خدمات اور ایوان میں ان کے موثر کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے سینیٹر عثمان کاکڑ کے لواحقین کے لئے صبر جمیل اور مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں