برطانوی وزیر برائے جنوبی ایشیا لارڈ احمد کی پاکستان آمد

بدھ 23 جون 2021 00:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) برطانوی وزیرِ مملکت برائے جنوبی ایشیا اور کامن ویلتھ اور تنازعات میں جنسی تشدد کی روک تھام کے لیے برطانوی وزیرِ اعظم کے نمائندہ خصوصی لارڈ )طارق( احمد آف ومبلڈن اپنے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ان کے دو شہروں پر محیط اس دورے سے برطانیہ اور پاکستان کے مابین دوستی کو مزید تقویت ملے گی۔

اس دورے کے دوران لارڈ احمد کی وفاقی وزیرِ انسانی حقوق شیریں مزاری، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی و دیگرسے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ان ملاقاتوں کے دوران لارڈ احمد موسمیاتی تغیر سمیت عالمی طور پر درپیش آزمائشوں سے نمٹنے کے لیے ہماری منفرد دو طرفہ شراکت داری کے مزید استحکام کی اہمیت، کووڈ 19 سے متعلق حکمتِ عملی اور برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارت کے حجم میں ممکنہ اضافے جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

برطانیہ اس سال کے آخر میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی پر اجلاس 'COP26' کی میزبانی کر رہا ہے۔ برطانیہ کے بہتری کے علم بردار کردار کے فروغ کے لیے وزیرِ مملکت مختلف مذہبی رہنماں بشمول اقلیتی رہنماں سے بھی ملاقات کریں گے۔وبائی بیماری کے آغاز کے بعد لارڈ احمد کا یہ دورہ کسی برطانوی وزیر کا پہلا باقاعدہ دورہ ہے۔ یہ دورہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے اسلام آباد میں منعقدہ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر کیے جانے والے حالیہ وڈیو خطاب کے فورا بعد کیا جارہا ہے۔

اس خطاب کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے مابین بذریعہ فون گفتگو بھی ہوئی تھی۔لارڈ احمد نے کہا، "پاکستان میرے دل اور پس منظر سے قریب ایک ملک ہے۔ میرے پچھلے دورہ پاکستان کے بعد سے اب تک دنیا میں بہت تبدیلیاں عمل پذیر ہو چکی ہیں۔ کووڈ 19 کی وجہ سے ہونے والے نقصانات اور ان دوریوں نے ہم سب کو متاثر کیا ہے۔

لیکن یہ وبائی بیماری ہمیں قریب بھی لائی ہے۔ عالمی آزمائشوں سے نمٹنے کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔یہی وجہ ہے کہ میں اپنے دورے کے دوران ہماری اس بین الاقوامی دوستی کو استعمال کرتے ہوئے موسمی تغیر سے تحفظ ، ہمارے دونوں عظیم ممالک کے لئے زیادہ خوشحالی کے ساتھ بہتر طور پر از سرِ نو تعمیر ، ہمارے تمام لوگوں کا کووڈ 19 سے تحفظ، لڑکیوں کے لیے ضروری تعلیم کے حصول کو یقینی بنانے اور نفرت اور تعصب کے خلاف ڈٹ کر نبرد آزما ہونے جیسے موضوعات پر تباد لہ خیال کرنے کا خواہش مند ہوں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں