شیخ رشید سے لارڈ طارق احمد کی ملاقات ،ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو

فوجداری انصاف کے نظام کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لئے پاکستانی وزارت داخلہ اور برطانوی داخہ امور کے مابین تعاون کو مستحکم کرنے پر اتفاق

بدھ 23 جون 2021 23:33

شیخ رشید سے لارڈ طارق احمد کی ملاقات ،ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیاء و دولت مشترکہ لارڈ طارق احمد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران برطانوی پاکستانیوں ،سیکورٹی،تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون اور عوامی رابطے بڑھانے سمیت دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے دونوں ملکوں کیلئے فوجداری انصاف کے نظام کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لئے پاکستانی وزارت داخلہ اور برطانوی داخہ امور کے مابین تعاون کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششوں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے پر زور دیا۔ وزراء نے دونوں ممالک کے مابین مجرمان کی واپسی اور حوالگی سے متعلق معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین معاہدے میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا،معاہدے کا مسودہتیار ہے جسے منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کیا جائیگا۔وزیر داخلہ نے برطانوی وزیر مملکت کو بتایا کہ پاکستان متعدد یورپی ممالک کے ساتھ حوالگی کے معاہدوں پر دستخط کر چکا ہے اور برطانیہ کیساتھ بھی جلد از جلد اس معاہدے پر دستخط کرنے کا خواہاں ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بد قسمتی سے معاہدے کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے متعدد ہائی پروفائل مجرم پہلے ہی برطانیہ میں پناہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حوالگی معاہدہ ایسے مجرموں کی روک تھام میں معاون ثابت ہوگا۔ شیخ رشید نے کہا کہ حوالگی معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لئے دونوں ملکوں کی جانب سے کوششیں تیز کرنیکی ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تاریخی تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میںمقیم 1.6 ملین برطانوی پاکستانیوں کی موجودگی ان تعلقات کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ میں مقیم برطانوی پاکستانیوں کی خدمات اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں ان کے مخیر کامکو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وزیر داخلہ نیکوڈ 19 وبائی امراض کی سب سے کم شرح کے باوجود پاکستان کو برطانیہ میں داخل ہونے سیروکنے والے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ لارڈ طارق احمد نے دورے کے دوران گرمجوشی سے خیر مقدم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے 10 ارب سونامی ٹری منصوبے کو سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں