پی آئی اے کا لندن سے اسلام آباد خصوصی چارٹرڈ پروازیں چلانے کا اعلان

10 جولائی سے 8 خصوصی چارٹرڈ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی جو کہ 31 جولائی تک چلائی جائیں گی۔ ترجمان پی آئی اے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 جون 2021 10:32

پی آئی اے کا لندن سے اسلام آباد خصوصی چارٹرڈ پروازیں چلانے کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جون 2021ء ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے لندن سے اسلام آباد کے لیے دوطرفہ خصوصی چارٹرڈ پروازیں چلانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ پاکستان سے برطانیہ کے شہر لندن کے لئے دو طرفہ چارٹر پروازوں میں اضافہ کیا گیا ہے ، چارٹرڈ پروازیں 31 جولائی تک چلائی جائیں گی ، اس مقصد کے لیے 10 جولائی سے 8 خصوصی چارٹرڈ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ اس ضمن میں پہلی پرواز 10 جولائی کو لندن سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گی جب کہ اس سلسلے میں ترتیب دیے گئے شیڈول کے مطابق دو طرفہ خصوصی پروازوں کی آمد اور روانگی جولائی کی 12، 14، 17، 22، 24، 28 اور 31 تاریخ کو ہوگی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں قومی ایئرلائن نے کم ایندھن استعمال کرنے والے 4 جدید طیارے خریدنے کا فیصلہ کرلیا ، میڈیا ذرائع سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق پی آئی اے بزنس پلان کے تحت 8 سے زائد جدید طیارے فلیٹ میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی ہے ، پی آئی اے کی طرف سے نیروباڈی کے 4 نئے طیارے 6 سالہ ڈرائی لیز پر حاصل کیے جائیں گے ، جس کے تحت رواں سال جولائی کے وسط میں پہلا جدید طیارہ ایئربس 320 پی آئی اے کے فلیٹ میں شامل ہوجائے گا ، بتایا گیا ہے کہ دوسرا طیارہ اگست میں اور مزید 2 طیارے اکتوبر اور دسمبر میں پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہوجائیں گے ، اس کے علاوہ پی آئی اے کے بیڑے میں شامل 2 پرانے ساختہ بوئنگ 777 طیاروں کو نئے طیاروں کے ساتھ تبدیل کیا جائے گا۔

دوسری طرف علاوہ ازیں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے مسافر طیارے کو بطور کارگو استعمال کرنے کی اجازت دے دی ، پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حفاظتی انتظامات کے ساتھ مسافر بردار جہاز بطور کارگو استعمال ہوسکتا ہے، کارگو لوڈ کرتے وقت حفاظتی انتظامات مدنظر رکھے جائیں ، منیجر فلائٹ سروسز نے متعلقہ حکام کو مراسلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ سامان کی اونچائی سیٹ سے زیادہ نہ ہو، چوتھی اور پانچویں قطار کے بعد ایک قطار کو خالی رکھا جائے۔

مراسلے کے مطابق سامان ٹھیک سے باندھا اور ایسے رکھا جائے کہ ہنگامی صورت حال میں جگہ میسر ہو، جہاز کے ٹوائلٹ اور گلی میں کارگو کا سامان نہ رکھا جائے ، مراسلے کے متن کے مطابق خطرناک کارگو متعلقہ قوانین کے تحت لوڈ کیا جائے اور اسے کیبن میں نہ رکھا جائے ، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کیبن کریو ہرنصف گھنٹے بعد کارگو کو چیک کرنا یقینی بنائے، ناہموار فلائٹ ہونے پر کارگو میں کسی تبدیلی یا خرابی کو فوری رپورٹ اور حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں