حکومت عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کرے گی ،شبلی فراز

ہم سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے اقدامات کر ینگے،اپوزیشن انتخابات کو دھاندلی سے پاک اور شفاف بنانے کیلئے حکومت کا ساتھ دے،ایوان بالا میں اظہارخیال

جمعرات 24 جون 2021 23:20

حکومت عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کرے گی ،شبلی فراز
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2021ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے اقدامات کرے گی،اپوزیشن انتخابات کو دھاندلی سے پاک اور شفاف بنانے کیلئے حکومت کا ساتھ دے۔جمعرات کے روز ایوان بالا میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نی34مہینوں میں جو اقدامات کئے ہیں اس سے ملک کی معاشی حالت تبدیل ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ماضی میں حکومتیں چلائی گئیں اس سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت نے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کیا ہے اور آج ملکی صورتحال سب کے سامنے ہے،ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے،کورونا سے متاثرہ عوام کی فلاح وبہبود کے اقدامات کئے گئے اور ملکی تاریخ کا سب سے بڑا احساس پروگرام شروع کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال ناگزیر ہے،اسی طرح بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن انتخابی اصلاحات میں حکومت کا ساتھ نہیں دے رہی ہے،شفاف انتخابات میں سب کی بھلائی ہے،الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے انتخابات میں دھاندلی کے تنازعات حتم ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا کام ہے اگر ہم اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے مدد مانگیں گے تو ہم کمزور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال سمیت سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ضرور دے گی اور تحریک انصاف کے منشور کا وعدہ ہے۔انہوں نے اپوزیشن سے درخواست کی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں