پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کااردن کی بندرگاہ عقبہ کا دورہ

جمعہ 25 جون 2021 18:11

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کااردن کی بندرگاہ عقبہ کا دورہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2021ء) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے (بمعہ ہیلی کاپٹر) بحیرہ روم / بحیرہ احمر میں بین الاقوامی تعیناتی کے دوران اردن کی بندرگاہ عقبہ کا دورہ کیا۔ بندرگاہ آمد پر رائل اردنی بحریہ (آپریشنز اور ٹریننگ ڈویژن) کے سربراہ، پاکستان کے دفاعی اثاشی اور رائل اردنی بحریہ کے افسران نے جہاز کا استقبال کیا۔

بندرگاہ پر قیام کے دوران، مشن کمانڈر کموڈور رضوان خالد نے کمانڈنگ آفیسر پی این ایس ذوالفقار کیپٹن راؤ احمد عمران انور کے ہمراہ گورنر عقبہ محمد الرفالہ، کمشنر اردن میری ٹائم کمیشن محمدالسلمان، کمشنر عقبہ اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی نائیف البکیت اور ڈائریکٹر عقبہ ڈویلپمنٹ کارپوریشن بشار ابو رومانی سے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی امن اور سمندری تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا گیا۔

مشن کمانڈر نے عمومی طور پر اردن کی عوام اور خصوصاً رائل اردنی بحریہ کے لئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عقبہ میں قیام کے دوران، کمانڈر رائل اردنی بحریہ کرنل ہشام الجراح، اردن کے سرکاری عہدیداران، سفارتی عملے اور اردن بحریہ کے افسران نے پی این ایس ذوالفقار کا دورہ بھی کیا۔

پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستہ نے نیول بیس عقبہ میں مملکت اردن کی سو سالہ تقریبات میں حصہ لیا۔ بندرگاہ سے روانگی پر، پاک بحریہ کے جہاز نے اردنی بحریہ کے ساتھ مشق میں حصّہ لیا۔ بندرگاہ عقبہ میں پاک بحریہ کے جہاز کا حالیہ دورہ اورسو سالہ تقریبات میں شرکت پاک بحریہ اور رائل اردنی بحریہ کے باہمی تعاون کی توثیق ہے اور اس سے پاکستان اور اردن کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں