ملک بھر میں کورونا کی چوتھی لہر ، مزید 32 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

ملک میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 971 ہوگئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 24 جولائی 2021 10:49

ملک بھر میں کورونا کی چوتھی لہر ، مزید 32 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2021ء) : ملک بھر میں کورونا کی چوتھی لہر جاری ہے۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 32 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ملک میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 971 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید ایک ہزار 841 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 18 ہزار 75 ہوگئی۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 4.89 فیصد رہی۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 37 ہزار 636 ٹیسٹ کیے گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی یومیہ تعداد ایک بار پھر بڑھ رہی ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1 ہزار 841 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 551 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 10 ہزار 909 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ، جبکہ سندھ میں 5 ہزار 785، خیبرپختونخواہ 4 ہزار 405، اسلام آباد 789، گلگت بلتستان 122، بلوچستان میں 321 اور آزاد کشمیر میں 608 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔ این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں 68 لاکھ 69 ہزار 346 افراد کو کورونا ویکسین کی مکمل خوراک جبکہ ایک کروڑ 92 لاکھ 7 ہزار 382 افراد کو سنگل خوراک دی جاچکی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں