برآمدات کے فرو غ کیلئے دنیا میںبدلتے رجحانات کی پیروی ناگزیر ہے ‘پرویز حنیف

حکومت دیہی علاقوںمیںہنر مندوں کو چند لاکھ سے تیار ہونیوالی جدید کھڈیاں مہیا کرنے میں مدد کرے‘ چیئر پرسن سی ٹی آئی

اتوار 25 جولائی 2021 12:45

لاہور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ برآمدات کے فرو غ کیلئے دنیا میںبدلتے ہوئے رجحانات کی پیروی ناگزیر ہے اور اس کیلئے تمام متعلقہ اداروںکو مل کر پالیسی بنانی چاہیے ،حکومت مختلف خطوں میں بسنے والوں کے رجحان سے آگاہی ، پاکستانی مصنوعات کی مختلف ممالک کی منڈیوںتک رسائی اورخاص طور پر مصنوعات کی تشہیراور مارکیٹنگ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرے ،ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے حائل بلاجواز رکاوٹیںدورکی جائیں۔

اپنے ایک بیان میں پرویز حنیف نے کہا کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ نے ہاتھ سے قالینوں کی تیاری کے لئے نئی کھڈی( لومز)متعارف کرائی ہے جو معیار اورخصوصاًپیداوار ی وقت کے لحاظ سے روایتی کھڈی سے بہت بہتر ہے ،حکومت سے اپیل ہے کہ ہماری معاونت کرے تاکہ دیہی علاقوںمیںہنر مندوں کو چند لاکھ روپے میں تیار ہونے والی جدید کھڈیاں مہیا کی جائیں جس کے اس صنعت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں طلبہ کو مختلف ممالک میں پسند کئے جانے والے ڈیزائنوںکے رجحان کے حوالے سے خصوصی آگاہی دی جارہی ہے اور ہمارے طلبہ نے مثبت پیشرفت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات پوری دنیا میں پاکستان کی منفرد پہچان کا ذریعہ ہیںلیکن حکومت کی جانب سے اسے نظر انداز کرنے سے اس صنعت سے وابستہ لوگوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں