وزیراعظم کی الیکشن میں جیت پر کشمیری عوام اور امیدواروں کو مبارکباد

کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ووٹ دے کر تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا اور کامیابی دلائی، پی ٹی آئی حکومت کشمیر میں شفاف نظام قائم کرےگی اور غربت کا خاتمہ کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 26 جولائی 2021 17:55

وزیراعظم کی الیکشن میں جیت پر کشمیری عوام اور امیدواروں کو مبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جولائی 2021ء) وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر الیکشن میں جیت پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ووٹ دے کر تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا جس کے باعث پی ٹی آئی کو الیکشن میں کامیابی ملی، عوام کو احساس اور کامیاب پروگرام کے ذریعے غربت سے نکالیں گے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں فتح یاب ہونے والے اپنے تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

یہ یقینی بنانے کیلئے کہ بین الاقوامی برادری اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں استصوابِ رائے کے ذریعے اہلِ کشمیرسے حقِ خودارادیت کا وعدہ پورا کرے، میں بطور سفیرِ کشمیر اقوامِ متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اپنی آواز بلند کرتا رہوں گا۔

(جاری ہے)

 عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی فتح پر منتج ہونے والے ووٹوں کے ذریعے ہمیں اپنے اعتماد سے نوازنے پر میں آزاد جموں وکشمیر کے عوام کا مشکور ہوں۔

ہم اپنی توجہ احساس اور کامیاب جوان پروگرامات کے ذریعے عوام کو غربت کی دلدل سے نکالنے اور حکومت کو شفافیت اور احتساب سے آراستہ کرنے پر مرکوز کرینگے۔ واضح رہے آزاد کشمیر عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف 25 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 11 اور مسلم لیگ (ن) نے 6 نشستیں حاصل کیں ، جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس نے بھی ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین 2 نشستوں پر کامیاب ہوئے ، حلف برداری سے پہلے انہیں ایک نشست چھوڑنی ہوگی ، اس طرح ایوان میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی 11 سے کم ہوکر 10 ارکان ہوجائے گی۔

 مزید برآں آزاد کشمیر اسمبلی کی 45 عمومی نشستوں پر انتخابات کے بعد اب سیاسی جماعتوں نے مخصوص نشستوں کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینا شروع کردیا ہے کیوں کہ خواتین کی 5 نشستوں پر انتخاب کے لئے 9،9 ارکان اسمبلی کے پینل بنیں گے، عددی اعتبار سے پی ٹی آئی خواتین کی 3 جب کہ پیپلز پارٹی کم از کم ایک نشست پر کامیاب ہوجائے گی ، خواتین کی ایک نشست پر اگر پیپلز پارٹی، (ن) لیگ ، مسلم کانفرنس اور جے کے پی پی اتفاق کر لیں تو ایک سیٹ جیت سکتی ہیں جب کہ اسمبلی میں علماء و مشائخ، ٹیکنو کریٹ اور اوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست ہے، جن پر پورا ایوان ووٹ دے گا ، امکان ہے کہ عددی اکثریت کی بنیاد پر تحریک انصاف یہ نشستیں جیت لے گی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی 53 ارکان پر مشتمل ہے، جہاں 45 عمومی نشستوں پر براہ راست پولنگ ہوئی ، اس کے علاوہ ایوان میں خواتین کے لیے 5 جب کہ علماء و مشائخ ، ٹیکنو کریٹ اور اوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں