بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کی بڑی مشکل حل ہو گئی

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سی کیٹگری ممالک سے پاکستانیوں کو واپس آنے اجازت دے دی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 27 جولائی 2021 18:34

بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کی بڑی مشکل حل ہو گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 27جولائی 2021) بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کی بڑی مشکل حل ہو گئی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سی کیٹگری ممالک سے پاکستانیوں کو واپس آنے اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلئے ہدایت نامہ جاری کردیا، جس میں کیٹگری سی ممالک سے پاکستانیوں کو 31اگست تک واپس آنے اجازت دے دی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں، چارٹرڈ اور نجی پروازوں کے مسافروں کیلئے ہدایت نامہ جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ کیٹگری سی ممالک سے پاکستانی 31اگست تک بغیر اجازت واپس آسکتے ہیں۔اس حوالے سے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے متعلقہ حکام کو مراسلہ جاری کیا ہے ، جس میں پاکستان آنے سےقبل مسافروں کیلئے72گھنٹےپہلے کا منفی پی سی آرٹیسٹ لازمی قرار دیا۔

(جاری ہے)

مراسلے میں کہا کہ کیٹگری سی ممالک سےدیگرمسافروں کی پاکستان آمدپرپابندی برقرار ہے، پاکستان آنیوالے مسافروں کوٹیسٹ ،دیگر ایس او پیز پرعمل کرنا ہوگا، اس سلسلے میں متعلقہ حکام ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔یاد رہے 13 جولائی کو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کیٹیگری سی کے ممالک کےلیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ سی کیٹیگری ممالک سےصرف پاکستانی شہریت والوں کوآنےکی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پاکستانیوں کو پرواز سے 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا جبکہ پاکستان کے ایئرپورٹس پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ بھی کیا جائےگا۔سول ایوی ایشن کی کیٹیگری سی میں بھارت، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، جنوبی افریقہ سمیت 26 ممالک شامل ہیں۔اضح رہے کہ این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے اس لیے عوام ویکسینیشن کروائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کہ خطے میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات ایران میں فی دس لاکھ آبادی 1037 اموات ہوئیں۔ نیپال میں 326، بھارت میں 301، سری لنکا میں 186 فی ملین اموات ہوئیں۔ افغانستان میں 160 اور بنگلہ دیش میں 113 فی ملین اموات ہوئیں۔اسد عمر نے مزید کہا کہ پاکستان میں بروقت فیصلوں کی وجہ سے کورو نا اموات صرف 102 فی ملین اموات ہوئیں۔

کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے عوام ویکسینیشن کروائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔ دوسری جانب ملک بھر میں کورونا کی چوتھی لہر جاری ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 32 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ملک میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 971 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید ایک ہزار 841 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں