چاول کی بوریوں کےنچلے حصے میں کورونا وائرس، چین نے پاکستانی چاول کی درآمدات روک دیں

چین کو پاکستانی چاول کی برآمدات بند ہو گئی ہیں، پاکستانی چاول کی بوریوں کےنچلے حصے میں کورونا وائرس پایا گیا،چین ڈر گیا اور اس نے چاول کی پاکستان سے درآمد بند کر دی، مشیر تجارت عبدالرازق داؤد

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 27 جولائی 2021 23:28

چاول کی بوریوں کےنچلے حصے میں کورونا وائرس، چین نے پاکستانی چاول کی درآمدات روک دیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 27جولائی 2021) پاکستانی چاول کی بوریوں کےنچلے حصے میں کورونا وائرس کی موجودگی کا انکشاف، چین نے پاکستانی چاول کی درآمدات روک دیں- تفصیلات کےمطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی تجارت کا چئیرمین کمیٹی سینیٹر ذیشان خانزادہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مشیر تجارت عبدالرازق داؤد نے شرکت کی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ چین کو پاکستانی چاول کی برآمدات بند ہو گئی ہیں، پاکستانی چاول کی بوریوں کے پیندے میں کورونا وائرس پایا گیا، چین ڈر گیا اور اس نے چاول کی پاکستان سے درآمد بند کر دی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامرس نے بتایا کہ مچھلی کی چھ کمپینوں کی پیکنگ میں بھی کورونا وائرس پایا گیا ، چین نے ان کی درآمد بھی بند کردی ہے، چاول کی بوری کے پیندے کے باہر ڈیڈ (مردہ) وائرس تھا جبکہ مچھلیوں کی پیکنگ کے باہر کورونا کےزندہ  وائرس کی موجودگی پائی گئی۔

(جاری ہے)

مشیر تجارت نے مزید بتایا کہ جنوری 2022 میں پاکستان موبائل کی برآمدات شروع کر دے گا ، چینی کمپنی کے موبائل برآمد کرنا شروع کریں گے، خواہش تھی کہ سام سنگ موبائل پاکستان آئے ، اس سے دو بار کہا لیکن انھوں نے معذرت کی ، پھر چینی کمپنی آگئی جو کراچی میں فیکٹری لگا رہی ہے، چھ ماہ تک سام سنگ موبائل نے معذرت کی، اب سام سنگ نے کہا ہے ہم فیکٹری لگانا چاہتے ہیں ، لیکن ہم نے معذرت کی کہ آپ مواقع ضائع کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ جولائی میں پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے ہلاکتوں کا تناسب پوری دنیا سے زیادہ رہا۔وفاقی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی کے دوران دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی شرح 2.15 سے 2.17 جبکہ پاکستان میں 2.30 سے 2.37 فیصد کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر زیادہ خطرناک قرار دی گئی ہے جس دوران لوگ تیزی سے وائرس کا شکار ہو رہے ہیں اور اسپتالوں میں گنجائش ختم ہوتی جا رہی ہے۔

ماہرین صحت نے خبردا رکیا ہے کہ اگر عوام نے ویکسین لگانے اور ایس او پیز عمل کرنے میں غفلت دکھائی تو یہ شرح مزید بڑھے گی۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 39 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 87 ہوگئی۔پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 11 ہزار 708 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6.6 فیصد رہی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں