سیف سٹی کیمروں کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی خود ٹیکسیوں میں بیٹھی، وزیراعظم کا معاملے پر تفصیلی جواب

تفتیش اور افغان سفیر کی بیٹی کے موقف میں تضاد ہے،بدقسمتی سے افغان سفیر واپس چلے گئے،کیمروں کی تفصیلات موجود ہیں،فوٹیجز اور معلومات کی بنیاد پر افغان ٹیم افغان سفیر کی بیٹی سے تفتیش کر سکتی ہے۔وزیراعظم عمران خان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 29 جولائی 2021 12:18

سیف سٹی کیمروں کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی خود ٹیکسیوں میں بیٹھی، وزیراعظم کا معاملے پر تفصیلی جواب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2021ء) وزیراعظم عمران خان نے پاک افغان یوتھ فورم کے اراکین سے ملاقات کے بعد ان کو افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا اور تشدد کے معاملے پر تفصیلی جواب دیا۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تفتیش اور افغان سفیر کی بیٹی کے موقف میں تضاد ہے،سیف سٹی کیمروں کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی خود ٹیکسیوں میں بیٹھی۔

انہوں نے افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے پر سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے موقف ، کیمرہ فوٹیج اور ٹیکسی ڈرائیو کے بیان میں ہم آہنگی نہیں۔انہوں نے بتایا کہ افغان سفیر کی بیٹی سے متعلق سیف سٹی کیمروں کی تفصیل موجود ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جس ٹیکسی پر سفیر کی بیٹی نے سفر کیا،اس ٹیکسی اور ڈرائیور کی معلومات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

سفیر کی بیٹی کے مطابق انہیں ٹیکسی میں ڈال کر اغوا کیا گیا اور تشدد کیا گیا۔کیمرے کی فوٹیج کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی ٹیکسی میں خود آرام سے بیٹھی ہیں۔پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور سے تفتیش کی جس کا تمام ریکارڈ پولیس کے موجود ہے۔عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے افغان سفیر واپس چلے گئے،اب تصدیق کے لیے ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں۔افغانستان سے ایک ٹیم آ رہی ہے اور ہم انہیں تمام معلومات فراہم کر یں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ افغان ٹیم کو سیف سٹی کیمرے کی فوٹیج سے حاصل فوٹیج فراہم کریں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوٹیجز اور معلومات کی بنیاد پر افغان ٹیم افغان سفیر کی بیٹی سے تفتیش کر سکتی ہے۔واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کیس کی وجہ سے افغان سفیر پاکستان چھوڑ کر فیملی سمیت ترکی جا چکے ہیں۔ افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل اپنے اہل خانہ کے ساتھ پاکستان چھوڑ کر ترکی اور دیگر عملہ افغانستان چلا گیا ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی والا واقعہ ہماری تفتیش کے مطابق اغوا کا کیس نہیں ہے ، ہمارے ملک کو بدنام کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ، پاکستان کو بد نام کرنے کی کوشش ناکام ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں